مصری ساحل کے قریب گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت

اٹلی کی کمپنی انئی نے حالیہ برسوں میں بحیرہ روم میں گیس کے متعدد ذخائر دریافت کیے ہیں
،تصویر کا کیپشناٹلی کی کمپنی انئی نے حالیہ برسوں میں بحیرہ روم میں گیس کے متعدد ذخائر دریافت کیے ہیں

اٹلی کی ایک کمپنی نے مصر میں قدرتی گیس کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کیا ہے جو 30 کھرب معکب فٹ تک ہو سکتا ہے۔

اٹلی کی کمپنی انئی کے مطابق گیس کا ذخیرہ زوہر فیلڈ میں 1450 میٹر گہرائی پر ملا ہے اور یہ ایک سو مربع کلومیٹر میں پھیلا ہوا ہے۔

انئی کے مطابق دریافت ہونے والے ذخیرے میں 30 کھرب کیوبک فٹ گیس ہو سکتی ہے اور یہ ساڑھے پانچ ارب بیرل تیل کے برابر ہے۔

کمپنی کے مطابق زوہر فیلڈ میں دریافت ہونے والا گیس کا یہ ذخیرہ ، دنیا میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر میں سے ایک ہو سکتا ہے اور اس سے کئی دہائیوں تک مصر کی گیس کی ضروریات پوری ہو سکتی ہیں۔

رواں سال جون میں مصر کی وزارتِ تیل نے دریائے نیل کے کنارے، سینائی، سویز اور بحیرہ روم کے علاقے سے تیل اور گیس کی تلاش کے لیے اطالوی کمپنی سے دو ارب ڈالر مالیت کا معاہدہ کیا تھا۔

اٹلی کی کمپنی انئی نے حالیہ برسوں میں بحیرہ روم میں گیس کے متعدد ذخائر دریافت کیے ہیں۔