ممکنہ دہشت گرد حملہ ناکام بنانے والوں کے لیے فرانسیسی اعزاز

،تصویر کا ذریعہEPA
فرانس کی ٹرین میں ممکنہ دہشت گرد منصوبے کو ناکام بنانے پر فرانسیسی حکومت نے تین امریکی اور ایک برطانوی شہری کو ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا ہے۔
الیزے محل میں منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں صدر فرانسوا اولاند نے سپینسر سٹون، الیک سکارلٹوس، اینڈی سیڈلر اور کرِس نورمن کو ’لیژیاں دو نوؤر‘ سے نوازا۔
ٹرین پر سفر کرنے والے ان مسافروں نے مل کر مبینہ دہشت گرد ایوب الخزانی پر قابو پایا تھا۔ فرانسیسی پولیس نے 25 سالہ مراکشی شہری الخزانی کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
تقریب میں صدر اولاند نے کہا کہ وہ آج یہاں ان چار لوگوں کو خراج تحسین پیش کرنے آئے ہیں جن کی بہادری کی وجہ سے لوگوں کی قیمتی جانیں بچ گئیں۔
انھوں نے کہا: ’میں فرانس کی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ پوری دنیا کو آپ کی بہادری پر فخر ہے۔ آپ نے ہماری آزادی کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔ آپ نے صرف ذمہ دار شہریوں کا ہی نہیں بلکہ سپاہیوں کا کردار ادا کیا ہے۔ یہ ہم سب کے لیے دلیری کا ایک اہم سبق ہے۔‘
امریکی شہری سپینسر سٹون نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ٹرین پر ابھی سو کر اٹھے تھے کہ انھیں مسلح شخص نظر آیا اور وہ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے آگے بڑھے۔
’میں نے دیکھا کہ اس کے ہاتھ میں کلاشن کوف تھی، لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ بندوق جام ہو گئی ہے اور وہ اس کو بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایلک نے مجھے فوراً کہا: ’چلو‘ اور ہم دونوں ایک دم اس کی طرف بڑھے اور اسے زمین پر گرا دیا۔‘
سٹون کو گردن اور پیشانی پر چوٹیں آئیں اور ان کا انگوٹھا تقریباً مکمل طور پر کٹ گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سٹون اور سکارلٹوس دونوں امریکی نیشنل گارڈ میں رہ چکے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ ان کی عسکری تربیت نے اس صورت حال میں ان کی مدد کی، تاہم انھوں نے یہ فیصلہ سوچے بغیر کیا۔
تیسرے مسافر اینڈی سیڈلر کا کہنا تھا کہ اگر سپنسر اپنی نشست سے نہ اٹھتے تو بندوق بردار شخص اپنے منصوبے میں کامیاب ہو جاتا۔
’یہ ہم سب کے لیے ایک سبق ہے، اگر آپ کسی دہشت گرد کو دیکھیں تو ضرور کچھ کریں، صرف کھڑے ہو کر تماشہ نہ دیکھیں۔‘
دوسری جانب مبینہ حملہ آور خزانی کی سرکاری وکیل سوفی ڈیوڈ نے کہا کہ خزانی کو تعجب ہے کہ ان کی اس کارروائی کو دہشت گردی سے جوڑا جا رہا ہے، حالانکہ وہ صرف ڈاکا ڈالنے کی کوشش کر رہے تھے۔
فرانس میں سکیورٹی ادارے جنوری میں چارلی ایبڈو کے واقعے کے بعد سے ہائی الرٹ پر ہیں اور اب ملک کے ٹرین سسٹم پر سکیورٹی کے انتظامات فوری طور پر مضبوط کیے جائیں گے۔







