سعودی عرب: مسجد پر خودکش حملے میں 13 ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters

سعودی عرب میں ایک مسجد میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یمنی سرحد کے قریبی واقع قصبے ابہا میں ہونے والے خود کش حملے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ہلاک ہونے افراد کا تعلق سکیورٹی فورسز سے تھا، کیوں کہ یہ مسجد سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے زیر استعمال تھی۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ خود کش دھماکہ کس گروہ کی کارروائی ہے۔ کسی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

رواں سال مئی میں بھی دو شیعہ مساجد پر خود کش حملے کیے گیے جن میں بھاری جانی نقصان ہوا تھا۔

نام نہاد دولت اسلامیہ نامی شدت پسند تنظیم نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

سعودی عرب یمن میں حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔

جس مسجد میں جمعرات کو خود کش دھماکہ کیاگیا ہے وہ اندرونی سکیورٹی پر مامور ادارے سوات کے اہلکار استعمال کرتے تھے۔

گذشتہ ماہ سعودی حکام نے431 ایسے افراد کو گرفتار کیا تھا جو حکام کے مطابق شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔