برطانیہ: ہوائی حادثے میں اسامہ بن لادن کے خاندان کے تین افراد ہلاک

اس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار افراد کے علاوہ کسی اور شخص کو نقصان نہیں پہنچا تھا

،تصویر کا ذریعہNatan film

،تصویر کا کیپشناس حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار افراد کے علاوہ کسی اور شخص کو نقصان نہیں پہنچا تھا

برطانیہ کے علاقے ہیمپشائر میں حادثے کا شکار ہونے والے نجی طیارے کے بارے میں سعودی عرب کے سفارتخانے کا کہنا ہے کہ اس میں اسامہ بن لادن کے خاندان کے افراد سوار تھے۔

جمعے کو بلیک بش ہوائی اڈے پر پیش آنے والے اس حادثے میں پائلٹ اور طیارے میں سوار تینوں مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ محمد بن نواف ال سعود نے ہلاک ہونے والے افراد کے خاندان سے تعزیت کی ہے۔

’شہزادہ محمد بن نواف سعود نے اس حادثے کے نتیجے بن لادن خاندان کو جو بہت بڑا نقصان ہوا ہے اس پر خاندان اور ان کے عزیز واقارب سے تعزیت کی ہے۔‘

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ سعودی حکام اس حادثے کی تحقیقات کرنے والے برطانوی اہلکاروں سے رابطے میں ہیں۔

سفارت خانے کا مزید کہنا ہے کہ وہ برطانوی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ مرنے والوں کی میتوں کو جلد از جلد تدفین کے لیے سعودی عرب پہنچایا جائے۔

سعودی سفارت خانے نے ہلاک ہونے والے مسافروں کے نام ظاہر نہیں کیے ہیں۔

اطلات کے مطابق اٹلی سے برطانیہ آنے والا یہ طیارہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے خاندان کی ملکیت تھا۔

خیال رہے کہ جعمے کو بلیک بش ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے وقت یہ طیارہ پائلٹ سے بےقابو ہو کر رن وے کے جنگلے کو توڑتا ہوائی اڈے کے قریب واقع کاروں کے ایک شو روم میں کھڑی گاڑیوں سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا۔