پوپ کے لیے ’ کمیونسٹ صلیب‘ کا تحفہ

کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کو اُن کے دورۂ بولیویا میں ہتھوڑی اور درانتی والے کمیونسٹ نشان جیسی صلیب پیش کرنے پر کیتھولک مبصرین سخت ناراض ہیں۔

اس پر یسوع مسیح کو مصلوب بھی دکھایا گیا ہے اور اِسے بائیں بازو کے نظریات رکھنے والےصدر ایوو مورالس نے پوپ فرانسس کے دورۂ جنوبی امریکہ میں اُس وقت انھیں پیش کیا جب پوپ بولیویا پہنچے۔

ایک کیتھولک بشپ نے کہا کہ صدر مورالس نے خدا کو اپنے مقصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔

گو پوپ اس تحفے پر خاصے حیران ہوئے لیکن ویٹیکن کے حکام نے بولیویا کے ساتھ کسی بھی تنازعے سے بچنے کی کوشش کی ہے۔

یہ صلیب ایک سوشلسٹ راہب لوئیز ایسپینل نے ڈیزائن کی تھی جنھیں سن 1980 میں دائیں بازو کی ملیشیا نے قتل کردیا تھا۔ پوپ نے اپنے دورے میں راہب لوئیز ایسپینل کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP

بولیویا کی وزیرمواصلات ماریانیلے پیکو نے بولیوین ریڈیو کو بتایا کہ درانتی کسانوں کی جانب اشارہ ہے جبکہ ہتھوڑی بڑھئیوں جیسے عام محنت کشوں کی علامت ہے جو خدا کے بہت قریب ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس تحفے کے پیچھے اور کوئی محرک کارفرما نہیں ہے۔

تحفے پر پوپ فرانسس کے ردعمل کی مختلف توجیہات کی جارہی ہیں۔

کچھ اطلاعات کے مطابق پوپ اِس تحفے پر نادم سے ہوگئے اور انھوں نے صدر مورالس کو بتایا کہ یہ کوئی بہت اچھا تحفہ نہیں ہے۔

لیکن ویٹیکن کے ترجمان فریڈریکو لومبارڈی کے مطابق زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ پوپ نے اِس تحفے کے پس منظر پر حیرانی ظاہر کی ہوگی۔ لیکن ساتھ ہی اُن کا یہ بھی کہنا تھا وہ نہیں سمجھتے کہ یہ تحفہ کسی بھی چرچ کی قربان گاہ پر ایستادہ کیا جاسکے گا۔

،تصویر کا ذریعہAFP

پوپ کے سرمایہ داری اور عدم مساوات کے بارے میں سخت موقف کے حوالے سے پہلے ہی اُن پر مارکسی خیالات رکھنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔

اِس تحفے پر سخت ترین ردعمل میں ہسپانوی بشپ ہوزے اگناشیو مونلا کی تنقید نمایاں ہے جنھوں نے یہ ٹوئٹ کی ہے کہ یہ تحفہ تکبر کی انتہا ہے جس میں لادین نظریات کی خاطر خدا کے وجود کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ بولیویا کے بشپ گونزالو ڈیل کاستیلو نے اِسے ایک مذاق اور اشتعال انگیز حرکت سے تعبیر کیا ہے۔

کیتھولک خبررساں ادارے کے فیس بک صفحے پر بھی اِس حوالے سے خاصا غصہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ایک تبصرے میں کہا گیا ہے کہ کمیونزم اور عیسائیت کو کسی صورت یکجا نہیں کیا جاسکتا جبکہ ایک اور تبصرہ نگار نے صدر مورالس کو مغرور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہتھوڑی اور درانتی کو کیسے غیرسیاسی کہا جاسکتا ہے۔

لیکن ایک مختلف تبصرے میں کہا گیا ہے کہ یہ تحفہ پوپ فرانسس کی تذلیل نہیں ہے بلکہ ایک ایسے سوشلسٹ شہید کی یاد میں ہے جو بولیویا کے غریب اور پسے ہوئے لوگوں کے لیے لڑتے ہوئے مارا گیا۔