چلی میں بھنگ کی کاشت کی اجازت

نئے قانون کے تحت چلی کے ہر گھر کو زیادہ سے زیادہ چھ پودے لگانے کی اجازت ہوگي

،تصویر کا ذریعہap

،تصویر کا کیپشننئے قانون کے تحت چلی کے ہر گھر کو زیادہ سے زیادہ چھ پودے لگانے کی اجازت ہوگي

چلی کی پارلیمان نے ایک بل منظور کیا ہے جس کے تحت وہاں کے باشندوں کو چھوٹے پیمانے پر بھنگ کی کاشت کی اجازت ہوگی۔

یہ بل ملک کے ایوان زیریں نے منظور کیا ہے جس کے تحت طبی، تفریحی یا روحانی استعمال کے لیے چھوٹے پیمانے پر بھنگ کی کاشت کی اجازت ہوگی۔

اس کے تحت چلی کے ہر گھر کو زیادہ سے زیادہ چھ پودے لگانے کی اجازت ہوگي۔

اب تک بھنگ کا پودا لگانا، اس کا فروخت کرنا اور اس کے نقل و حمل پر پابندی تھی اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے کو زیادہ سے زیادہ 15 سال تک کی سزا ہو سکتی تھی۔

یہ نیا بل پہلے کمیشن برائے صحت کے پاس جائے گا پھر سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

کئی مقنن نے متنبہ کیا ہے کہ اس سے ملک میں منشیات کے استعمال کو تقویت ملے گی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکئی مقنن نے متنبہ کیا ہے کہ اس سے ملک میں منشیات کے استعمال کو تقویت ملے گی

ایوان زیریں کے اراکین نے اس بل کو واضح اکثریت 39 کے مقابلے 68 ووٹوں سے منظور کیا ہے۔

بہر حال کئی قانون سازوں (اراکین پارلیمان) نے اس نتیجے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے منشیات کے استعمال کو تقویت ملے گي۔

چلی کی ایک میونسپلٹی نے اکتوبر میں پہلی بار حکومت کے ایک آزمائشی پروگرام کے تحت طبی استعمال کے لیے بھنگ کے پودے لگائے۔

اگر یہ بل منظور ہو جاتا ہے تو پھر اس کا تفریحی استعمال مجرمانہ عمل نہیں رہ جائے گا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں بہت سے ممالک نے طبی یا ذاتی استعمال کے لیے بھنگ کی کاشت میں نرمی کی ہے۔

واشنگٹن اور کولوریڈو میں اس کے ذاتی استعمال کی اجازت ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنواشنگٹن اور کولوریڈو میں اس کے ذاتی استعمال کی اجازت ہے

امریکہ کی کم از کم 20 ریاستوں میں طبی استعمال کے لیے بھنگ کی بعض اقسام اگانے کی اجازت ہے جبکہ کولوریڈو اور واشنگٹن میں ذاتی استعمال کے لیے اس کی اجازت ہے۔

یوروگوئے پہلا ملک ہے جس نے میری جوانا (بھنگ، چرس) کا قانونی بازار سنہ 2013 میں قائم کیا اور رواں سال کے اوائل میں جمیکا نے اس کے ذاتی استعمال کو غیر مجرمانہ عمل قرار دیا۔