روسی پارلیمنٹ: ’ڈیزائن میں شیشے بہت تھے‘

تینوں فائنلسٹس کے ڈیزائن میں شیشے کی کھڑکیاں بہت تھیں

،تصویر کا ذریعہKOMSOMOLSKAVA

،تصویر کا کیپشنتینوں فائنلسٹس کے ڈیزائن میں شیشے کی کھڑکیاں بہت تھیں

روس کی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے نقشے کے لیے منعقد کیا گیا مقابلہ دوبارہ کرایا جائے گا کیونکہ پہلی بار میں جو ڈیزائن بھیجے گئے تھے ان کو مسترد کردیا گیا ہے۔

روس کی آر بی کے ویب سائٹ کے مطابق جن تین آرکیٹیکٹس کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کیے گئے تھے ان کو کمیٹی نے اس لیے مسترد کردیا کہ کیونکہ ان میں کھڑکیاں بہت زیادہ تھیں۔

کمیٹی کی نائب سربراہ یلینا پنینا نے آر بی کے کو بتایا ’تینوں فائنلسٹس کے ڈیزائن میں شیشے کی کھڑکیاں بہت تھیں۔ اس سے مسئلہ یہ پیدا ہو رہا تھا کہ ایک تو اس عمارت کی دیکھ بھال مشکل ہوتی اور دوسرا سردیوں میں یہ عمارت بہت ٹھنڈی ہوتی۔‘

جون میں روس کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے پسندیدہ ڈیزائن پر ایک غیر سرکاری ووٹ کیا۔ اس ووٹ میں متناسب ڈیزائن کو پسند کیا گیا جس کے بیچ میں گنبد والی عمارت تھی۔ یہ کسی حد تک امریکی پارلیمنٹ کی عمارت سے مشابہت رکھتی تھی۔ لیکن اب یہ مقابلہ دوبارہ کرایا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر 2016 میں شروع ہو گی۔‘

اس وقت روسی پارلیمنٹ کے دونوں ایوان وسطی ماسکو میں دو مختلف عمارتوں میں ہیں۔ نئی عمارت میں یہ دونوں ایوان ایک ہی عمارت میں ہوں گے۔

ماسکو ٹائمز کے مطابقان دونوں ایوانوں کا ایک عمارت میں ہونے سے ماسکو میں ٹریفک بھی معمول کے مطابق چلے گی کیونکہ اس وقت ممبر پارلیمنٹ کو راستہ دینے کو ترجیح دی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ ممبر پارلیمنٹ کے لیے ایک آسانی یہ ہو گی کہ ان کا سفر کم ہو جائے گا کیونکہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت وسطی ماسکو میں نہیں شمال مشرقی ماسکو میں ہو گی جو اس امیر علاقے سے زیادہ دور نہیں جہاں زیادہ تر ممبر پارلیمنٹ رہتے ہیں۔