یونان کے بحران میں’ڈریکما‘ اور’ٹروئکا‘ کیا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA
اگر آپ کو نہیں معلوم کہ ’ڈریکما‘ کیا ہے اور ’ٹروئکا‘ کسے کہتے ہیں تو ہم آپ کے لیے ان اور ان جیسے کچھ دوسرے الفاظ کی وضاحت کر دیتے ہیں جو یونان کے قرضوں کے بحران کے سلسلے میں آپ نے پڑھے ہوں گے مگر شاید پوری طرح پہچان نہ پائے ہوں۔
آسٹیریٹی یعنی کفایت شعاری یا سادگی
یہ اصطلاح پورے یورپ کی اس معاشی پالیسی کے بارے میں بولی جاتی ہے جس کے تحت حکومتی اخراجات کو کم کر کے خسارے اور قرض کو گھٹایا جاتا ہے۔ یونان کو دیا جانے والا بیل آؤٹ قرض کفایت شعاری کے اقدامات سے مشروط کیا گیا تھا۔ لیکن جنوری میں نئی آنے والی حکومت نے جو کفایت شعاری کے خلاف تھی، اسے مسترد کر دیا۔
ڈریکما یا قدیم یونانی کرنسی

،تصویر کا ذریعہGetty
2001 میں یورو کو بطور کرنسی اختیار کرنے سے قبل یونان کی کرنسی کا نام ’ڈریکما‘ تھا۔ اس لفظ کا ترجمہ ’مٹھی بھر‘ ہے اور یہ دنیا کی قدیم ترین کرنسیوں میں سے ایک اور یورپ میں سب سے پرانی کرنسی ہے۔ ڈریکما گیارہ سو قبل مسیح بھی پائی جاتی تھی اور ممکن ہے جلد ہی یہ پھر یونان میں رائج ہو جائے۔
گریگزٹ
یہ’انگریزی کے لفظ ’گریِک ایگزٹ‘ یعنی یونان کے یورو زون سے باہر نکلنے کا مخفف ہے۔ یہ اصطلاح سب سے پہلے2012 میں اقتصادی ماہرین نے گھڑی تھی لیکن اب حقیقت کے قریب اور ممکن لگتی ہے۔ اس کا ’بریگزٹ‘ یعنی برطانیہ کے یورپی اتحاد کو چھوڑنے کے امکان سے کوئی تعلق نہیں۔
گریفرنڈم
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ لفظ بھی دو الفاظ کو جوڑ کر بنایا گیا ہے اور ’گریِک ریفرینڈم‘ یعنی یونانی ریفرینڈم کا مخفف ہے۔ یونان کے قرضوں کے بحران کا کیا بنے گا اس کا فیصلہ اب لوگوں کے ہاتھوں میں ہے۔ یونان نے اعلان کیا ہے کہ پانچ جولائی کو عوام سے پوچھاجائے گا کہ قرض کی شرائط مانی جانی چاہییں یا نہیں ۔
ای سی بی یعنی یورپی سنٹرل بینک
ای سی بی یوروزون کا مرکزی بینک ہے اور یورو کرنسی کی مالیاتی پالیسی وضع کرنے کا ذمہ دار ہے۔
ای ایل اے
اس کا مطلب ہے ہنگامی کیش جو ای سی بی نے یونان کو دیا ہے تاکہ یونانی بینک اس وقت تک چلتے رہیں جب تک یونان قرض دینے والوں سے مذاکرات کر رہا ہے۔
یورو زون

،تصویر کا ذریعہAFP
اس اصلاح کا مطلب یورپ کے وہ 19 ملک ہیں جن کی کرنسی یورو ہے۔ ابھی تک اس نے مالیاتی بحران کو برداشت کیا ہے اور یونان کو اسی کرنسی کا حصہ رہنے دیا ہے۔ لیکن اب سنگین خدشات ہیں کہ اگر یونان باہر نکل گیا تو اس کرنسی کا مستقبل کیا ہوگا۔
ایکسپوژر
یونان کو یورپ کے لگ بھگ سبھی ممالک نے قرض دیا ہے اور اگر یونان یہ قرض ادا نہ کر پایا تو یہ سب ممالک مشکل میں پڑ جائیں گے۔ اقتصادی لحاظ سے یورو زون کے سب سے بڑے ملک جرمنی اور فرانس نے یونان کو سب سے زیادہ قرض دیا ہے لیکن سلووینیا اور سپین جیسے ملک جن کی معیشت اتنی مضبوط نہیں ان کے مشکل میں پھنس جانے کا خطرہ زیادہ ہے۔
آئی ایم ایف

،تصویر کا ذریعہGetty
عالمی مالیاتی فنڈ دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہوا تھا اور اس کا مقصد حکومتووں کی مالی امداد کرنا تھا۔ یہ ادارہ قرض میں پھنس جانے والے ممالک کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے قرض دیتا ہے۔ 2008 کے مالیاتی بحران کے بعد اس نے یونان، آئرلینڈ اور پرتگال کو بیل آؤٹ پیکج دیے ہیں۔
پیپرولوجی
یونان اور یورپی اتحاد کے مذاکرات کاروں درمیان دستاویزات کا تبادلہ بہت عرصے سے ہو رہا ہے لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ یہی وجہ ہے کہ اس عمل کا نام پیپرولوجی پڑ گیا۔
ٹروئکا

،تصویر کا ذریعہReuters
یہ روسی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے تین کا گروہ۔ اس لفظ کو پہلے یونانی صحافیوں نے اور پھر دوسروں نے یورپی اتحاد، یورپی سنٹرل بینک اور آئی ایم ایف کے لیے استعمال کیا۔
یہ تینوں ادارے یونان میں کفایت شعاری کے اقدامات کی نگرانی کے ذمہ دار ہیں۔ یونان کے نئے وزیرِ اعظم ایلیکس سیپرس نے فروری میں عہد کیا تھا کہ وہ ’ٹروئکا‘ کے وجود کو نہیں مانیں گے۔







