کویت: شیعہ مسلمانوں کی مسجد پر بم حملہ، 27 ہلاک، 200 زخمی

،تصویر کا ذریعہAFP
کویت کی وزارتِ داخلہ کے مطابق دارالحکومت کویت سٹی میں واقع شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں کم سے کم 27 افراد ہلاک اور 227 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
انٹرنیٹ پر مسجد میں ہونے والے دھماکے کے بعد کی تصاویر گردش کر رہی ہیں جن میں درجنوں زخمی افراد اور لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ خود کش دھماکہ شیعہ مسلمانوں کی امام صادق مسجد میں ہوا جو شہر کے مشرقی علاقے الصوابیر میں واقع ہے۔
شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے منسلک ایک تنظیم نجد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
خیال رہے کہ دولتِ اسلامیہ نے حالیہ دنوں میں ہمسایہ ممالک سعودی عرب اور یمن میں بھی اس طرح کے حملے کیے تھے۔
روئٹرز نے کویت کی پارلیمان کے ایک رکن اور اس حملے کے عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ زوردار دھماکے کے وقت مسجد میں 2,000 افراد موجود تھے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق دھماکے کے وقت کویت کے امیر اس جگہ سے گزر رہے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کویتی وزیراعظم شیخ جابر المبارک الصباح کا کہنا ہے کہ یہ حملہ قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ انھوں نے مزید کہنا کہ تاہم یہ کام دشمنوں کے لیے بہت مشکل ہے اور ہم اس سے کہیں زیادہ طاقتور ہیں۔
ریاستی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے جائے وقوع کا دورہ کیا ہے۔
کویت میں سنی حکومت ہے اور ملک میں شیعہ اقلیت پائی جاتی ہے۔ دولتِ اسلامیہ شیعہ افراد کو نشانہ بناتی رہی ہے۔







