’خفیہ ادارے کے ہیڈکواٹر پر حملے میں الشباب کے چار جنگجو ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہAFP
صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں جہادی گروہ الشباب نےخفیہ ادارے کے ہیڈکواٹر پرحملہ کیا تاہم حکام کا دعویٰ ہے کہ اسے ناکام بنا تے ہوئے چار حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
القاعدہ کی حامی تنظیم الشباب نے اس حملے میں متعدد سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان محمد یوسف نے اپنے بیان میں بتایا کہ حملے کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے تاہم انھیں اس مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں ان کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بعد ازاں حملہ آوروں کی لاشیں میڈیا کو بھی دکھائی گئیں۔
واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے حملے کے دوران شدید دھماکوں کی آوازیں سنیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک مقامی شخص عبدالہی یارے نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم فائرنگ کی وجہ سے گھر سے باہر نہیں جا سکتے تھے۔‘
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق بعدازاں الشباب نامی شدت پسند تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری اپنے ریڈیو سٹیشن پر اعلان کے ذریعے قبول کر لی۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ اسلام کے مقدس مہینے رمضان کے دوران بھی حکومت اور افریقی اتحادی افواج کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔
خیال رہے کہ صومالی فوج کی حامی افریقی اتحادی فوجوں نے بہت سے علاقوں کو الشباب سے واپس چھڑا لیا ہے تاہم اب بھی وہاں گوریلا جنگ کی صورت میں حکومت اور شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔








