ریڈیو اپیل کے ذریعے شوہر کی تلاش

،تصویر کا ذریعہFreedom Radio
نائجیریا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ریڈیو پر اپیل کے ذریعے شوہر تلاش کرنے والی خاتون کی کوشش کامیاب رہی ہے۔
نائجیریا کے شہر کانو میں فریڈم ریڈیو سے منسلک صحافی نصیرو زانگو نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یہ اپیل منگل کو 22 سالہ زینب عبدالمالک کی جانب سے نشر کی گئی تھی۔
اس اپیل میں شادی کے خواہشمند افراد سے بدھ کو ریڈیو سٹیشن آنے کو کہا گیا تھا۔
نصیرو زانگو نے کہا کہ خاتون کی جانب سے منتخب ہونے کی صورت میں مکان اور گاڑی دینے کے وعدے کی وجہ سے سینکڑوں افراد اپیل نشر ہونے کے اگلے دن مقررہ مقام پر آ پہنچے۔
انھوں نے بتایا کہ ریڈیو سٹیشن پر اتنی بھیڑ ہو گئی تھی کہ پولیس بلانا پڑی جو زینب عبدالمالک کو وہاں سے نکال کر لے گئی۔
نصیرو کے مطابق پولیس کے آنے سے قبل زینب اپنے جیون ساتھی کو ڈھونڈنے میں کامیاب رہیں، تاہم نو منتخب دولھا کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
زینب نے شوہر کی تلاش کے لیے غیرمعمولی طریقہ اپنانے کے بارے میں نائجیریا کے مقامی اخبار کو بتایا کہ انھوں نے اپنے سابقہ محبوب پر تقریباً 50 لاکھ نیرا (25 ہزار ڈالر) خرچ کیے لیکن وہ انھیں دغا دے گیا۔
بی بی سی کے جمیع صالح کا کہنا ہے کہ نائجیریا میں کسی خاتون کی جانب سے اس طریقے سے شوہر کی تلاش کی مثال نہیں ملتی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کے مطابق مسلم اکثریتی شہر کانو میں اکثر شادیاں تو والدین یا خاندانوں کی جانب سے طے شدہ ہوتی ہیں اور اکثر دولھا دلھنیں آپس میں رشتہ دار ہوتے ہیں۔







