ایچ ایس بی سی کا 25 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان

یورپ میں کام کرنے والے سب سے بڑے بینک ایچ ایس بی سی نے دنیا بھر میں اپنے دفاتر سے 25 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بینک کا کہنا ہے کہ ان میں سے آٹھ ہزار ملازمتیں برطانیہ سے ختم ہوں گی اور ان اقدامات کا مقصد اخراجات میں کمی اور کاروبار کو سادہ بنانا ہے۔
اس کٹوتیوں سے ریٹیل اور انویسٹمنٹ دونوں قسم کی بینکاری متاثر ہوگی۔
25 ہزار نوکریاں ختم کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ایچ ایس بی سی اپنے دو لاکھ 66 ہزار ملازمین میں سے تقریباً دس فیصد کو فارغ کر رہا ہے۔
منگل کو بینک کی جانب سے کیے جانے والے اعلان کے مطابق وہ ترکی اور برازیل میں اپنا کاروبار بند بھی کر رہا ہے۔
بینک نے ان اطلاعات کی تصدیق بھی کی ہے کہ وہ اپنے صدر دفتر کو برطانیہ سے باہر لے جانے پر بھی غور کر رہا ہے اور اس بارے میں حتمی فیصلہ سالِ رواں کے آخر تک کر لیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہhsbc
غالب خیال یہی ہے کہ بینک اپنا صدر دفتر ہانگ کانگ منتقل کر لے گا۔
بڑے پیمانے پر کٹوتیوں کی خبر ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب بینک کے چیف ایگزیکیٹو سٹوئرٹ گلیور سرمایہ کاروں اور تجزیہ کاروں کو بینک کی مستقبل کی حکمتِ عملی کے بارے میں بریفنگ دینے والے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم نے تسلیم کیا ہے کہ دنیا بدل چکی ہے اور ہمیں اس کے ساتھ بدلنا ہوگا۔ اسی لیے ہم ان سٹریٹیجک اقدامات پر عمل کر رہے ہیں جو ہمارے ادارے کو مزید بدلیں گے۔‘
ان اقدامات کے نتیجے میں بینک سالانہ پانچ ارب ڈالر بچت کرنے کی کوشش کرے گا اور انویسٹمنٹ بینکنگ میں بھی کٹوتیاں کی جائیں گی۔







