رونالڈو کی والدہ کے ہینڈ بیگ سے 55 ہزار یورو برآمد

رونالڈو کی والدہ حکام کو اطمینان بخش جواب نہ دے سکیں کہ وہ اتنی زیادہ رقم کیوں لے کر سفر کر رہی تھیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنرونالڈو کی والدہ حکام کو اطمینان بخش جواب نہ دے سکیں کہ وہ اتنی زیادہ رقم کیوں لے کر سفر کر رہی تھیں

سپین کے اخبار یل منڈو کا کہنا ہے کہ فٹ بال کی دنیا کے امیر ترین کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو کی والدہ کو پچھلے ماہ میڈرڈ کے ہوائی اڈے پر اس وقت روک لیا گیا جب ان کے ہینڈ بیگ سے 55 ہزار یورو برآمد ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ڈولوریز ایوی ایرو کو ہوائی اڈے پر اس وقت روکا گیا جب وہ پرتگال کے لیے جہاز کا انتظار کر رہی تھیں۔

اخبار کے مطابق رونالڈو کی والدہ حکام کو اطمینان بخش جواب نہ دے سکیں کہ وہ اتنی زیادہ رقم کیوں لے کر سفر کر رہی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ رونالڈو کی والدہ کے پاس سے جو رقم برآمد ہوئی ہے وہ اس وقت تک ضبط کر لی جائے گی جب تک کہ وہ جرمانہ نہیں ادا کرتیں اور رقم لے جانے کے لیے درست دستاویزات جمع نہیں کراتیں۔

سپین میں منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے قانون ہے کہ بغیر اجازت کے سپین سے باہر 10 ہزار یوو لے جائے جا سکتے ہیں۔

اخبار کے مطابق یہ قانون جو بھی توڑتا ہے وہ شخص صرف انتظامی جرم کا مرتکب ہوتا ہے۔

رپورٹوں کے مطابق ڈولوریز میڈرڈ کے قریب اپنے بیٹے رونالڈو کے عالیشان بنگلے میں لمبا عرصہ رہتی ہیں۔

رونالڈو کی والدہ کو 665 ڈالر جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

یاد رہے کہ رونالڈو کو ریئل میلارڈ کے ساتھ معاہدے سے تین لاکھ پچاسی ہزار ڈالر فی ہفتہ ملتے ہیں۔