’دولت اسلامیہ کے جنگجو یورپ سمگل کیے جا رہے ہیں‘

لیبیا میں حکومت کے مشیر کا دعوی ہے کہ دولت اسلامیہ اپنے جنگجوؤں کو تارکین وطن کے درمیان چھپا کر یورپ بھیج رہی ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنلیبیا میں حکومت کے مشیر کا دعوی ہے کہ دولت اسلامیہ اپنے جنگجوؤں کو تارکین وطن کے درمیان چھپا کر یورپ بھیج رہی ہے

لیبیا کے ایک عہدیدار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ بحیرۂ روم کے بہت سے گینگز شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کو سمگل کرکے یورپ پہنچا رہے ہیں۔

لیبیا کی حکومت کے مشیر عبدالباسط ہارون نے کہا کہ سمگلرز تارکین وطن سے بھری کشتیوں میں دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کو چھپا کر بھیج رہے ہیں۔

انھوں نے یہ دعویٰ بعض کشتیوں کے مالکان سے ہونے والی اپنی گفتگو کی بنیاد پر کیا ہے جو جنگجوؤں کے قبضے والے شمالی افریقی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

انھوں نے یہ الزام عائد ہے کہ دولتِ اسلامیہ نے انھیں 50 فی صد آمدنی کے بدلے آپریشن جاری رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک تقریباً 60,000 افراد نے بحیرۂ روم عبور کرکے یورپی ممالک میں آنے کی کوشش کی ہے۔

ان میں سے سفر کے دوران 1,800 سے زیادہ افرادہ ہلاک ہوگئے جو گذشتہ سال اسی مدت میں ہونے والی ہلاکت کا 20 فیصد ہے۔

بی بی سی فائیو لائیو کے انویسٹیگیٹ پروگرام کے ساتھ انٹرویو کے دوران عبدالباسط ہارون نے کہا ’دولت اسلامیہ نے اپنے لوگوں کو یورپ بھیجنے کے لیے ان کشتیوں کا استعمال کیا کیونکہ یورپی پولیس یہ نہیں جانتی کہ ان میں سے کون تارکین وطن ہیں اور کس کا تعلق دولت اسلامیہ سے ہے؟‘

عبدالباسط ہارون نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ جہادی یورپ میں مستقبل کے حملے کے بارے میں بہت پہلے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنعبدالباسط ہارون نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ جہادی یورپ میں مستقبل کے حملے کے بارے میں بہت پہلے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں

انھوں نے بتایا کہ جو لوگ دوسرے تارکین وطن سے علیحدہ بیٹھتے تھے وہ بحیرۂ روم عبور کرنے کے بارے میں خوفزدہ نہیں تھے اور انھوں نے کہا کہ ’وہ صد فی صد دولت اسلامیہ کے افراد تھے۔‘

عبدالباسط ہارون نے کہا کہ دولتِ اسلامیہ نے ان کشتی والوں کو نقل و حمل کی اجازت دے رکھی ہے لیکن ہر سفر کی کمائی سے وہ ان کشتی والوں سے 50 فیصد حصے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ جہادی یورپ میں مستقبل کے حملے کے بارے میں بہت پہلے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

رواں سال کے اوائل میں یورپی یونین کی سرحد کی نگرانی کرنے والی ایجنسی فرنٹیکس نے متنبہ کیا تھا ’عین ممکن ہے‘ کہ غیر ملکی جنگجو یورپ میں داخل ہونے کے لیے غیر رسمی راستوں کا استعمال کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ دولتِ اسلامیہ عراق اور شام کے بڑے علاقوں پر قابض ہے اور حالیہ مہینوں کے دوران لیبیا میں سرگرم نظر آئی ہے۔

دولتِ اسلامیہ نے مارچ میں تونس میں ہونے والے حملے جس میں 22 افراد مارے گئے تھی کی ذمہ داری قبول کی تھی۔