سینیگال کا سعودی عرب میں فوج بھیجنے کا اعلان

،تصویر کا ذریعہAFP
افریقی ملک سینیگال نےسعودی عرب کی درخواست پر حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف عرب اتحاد کی مدد کے لیے دو ہزار سے زیادہ فوجی سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
سینیگال پہلا غیر عرب ملک ہے جس نے اپنی فوج سعودی عرب کی مدد کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی عرب نے سینیگال کے صدر میکے سال کے گذشتہ ماہ سعودی عرب کے دورے کے دوران فوجی مدد مانگی تھی۔ سینیگال بھی سعودی عرب کی طرح ایک سنی ملک ہے اور سعودی عرب نے اسے حالیہ برسوں میں کافی امداد دی ہے۔
ادھر اقوام متحدہ نے سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عرب ممالک کے اتحاد پر زور دیا ہے کہ وہ یمن کے شہر صنعا میں بمباری بند کرے۔
اقوام متحدہ کے انسانی فلاح کے ادارے یوہانس ڈر کالاو نے کہا کہ صنعا کا ایئرپورٹ یمن میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے اور وہاں امداد پہنچانے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن اب اس کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ اب وہ قابل استعمال نہیں رہا۔ اقوام متحدہ کے اہلکار نے کہا کہ صنعا کے ایئرپورٹ کو قابل استعمال بنانے کے لیے اس کی مرمت کرنے کی ضرورت ہو گی۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ملک میں ایندھن کی کمی کی وجہ سے یمن میں امدادی کارروائیوں میں مصروف اداروں کے لیے اپنا کام جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔
ادھر سعودی عرب کے وزیر خارجہ الجوبیر نے عندیہ دیا ہے کہ سعودی سربراہی میں عرب ممالک کا اتحاد یمن میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے اپنے حملوں روکنے پر غور کر رہا ہے۔
پیر کے روز سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے عدن اور صنعا پر متعدد حملے کیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر باغیوں نے جنگ بندی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور اس کی خلاف ورزی کی تو فضائی کارروائیاں پھر سے شروع کی جا سکتی ہیں۔







