اسرائیل میں ایتھوپیئن یہودیوں کا نسلی تعصب کے خلاف احتجاج

،تصویر کا ذریعہReuters
اسرائیل میں ایتھوپیئن نژاد یہودیوں نے پولیس کے مبینہ پرتشدد رویے اور نسلی تعصب کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 20 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ 26 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اتوار کو ہزاروں کی تعداد میں ایتھوپیا نژاد اسرائیلی یہودیوں نے تل ابیب میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرہ پرتشدد اس وقت ہو گیا جب مظاہرین نے مونسپلٹی کی ایک عمارت پر دھاوا بول دیا۔
اس موقعے پر پولیس نے حالات کو قابو کرنے کے لیے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا۔
اسرائیل میں گذشتہ ہفتے پولیس کے ہاتھوں ایتھوپیئن نژاد فوجی کوزدوکوب کرنے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔
اس واقعے کے بعد دو پولیس اہلکاروں کو ضرورت سے زیادہ طاقت استعمال کرنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا۔
ایتھوپیئن نژاد اسرائیلی یہودی ماضی میں بھی امتیازی سلوک برتنے کے خلاف احتجاج مظاہرے کر چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سال 2012 میں بھی ان اطلاعات کے بعد احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے کہ کچھ یہودیوں نے اپنے مکان ایتھوپیا نژاد یہودیوں کو دینے سے انکار کر دیا ہے۔
اتوار کے دن احتجاجی مظاہرے پرامن رہے تاہم شام کے قریب پرتشدد رخ اختیار کر گئے اور مظاہرین نے مونسپلٹی کے دفتر پر پتھر، بوتلیں، کرسیاں پھینکنی شروع کر دی اور عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔
مظاہرے میں شامل ایک شخص نے اسرائیل کے ٹیلی ویژن چینل 10 سے بات کرتے ہوئے کہا:’ میرے والدین کی برسوں سے تذلیل کی جا رہی ہے، ہم برابری کی سطح پر اسرائیلی شہری تسلیم کیے جانے کا مزید انتظار نہیں کر سکتے، ہو سکتا ہے کہ اس میں کچھ ماہ لگیں لیکن یہ ہو کر رہے گا۔‘
اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے پرتشدد مظاہرے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ’ اس طرح کے تشدد اور بدامنی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔‘
وزیراعطم پیر کو متاثرہ فوجی اہلکار کے علاوہ سکیورٹی اور امیگریشن حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
سنہ 1980 اور 1990 میں ایک خفیہ مشن کے تحت ایتھوپیا سے ہزاروں یہودیوں کو ہوائی جہازوں کے ذریعے اسرائیل منتقل کیا گیا تھا اور اس وقت اسرائیل میں ایتھوپیئن نژاد یہودیوں کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار کے قریب ہے۔
ایتھوپیئن نژاد یہودیوں کی آمدن عام یہودی شہریوں سے کم ہے اور انھیں تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں کم مواقعے ملتے ہیں اور ان میں سے کئی جرائم کے الزام میں جیل پہنچ جاتے ہیں۔







