سعودی عرب میں زیرِ تعمیر عمارت منہدم، چار مزدور ہلاک

سعودی عرب میں زیادہ تر تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں کا تعلق پاکستان بنگلہ دیش، بھارت اور دیگر جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں سے ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنسعودی عرب میں زیادہ تر تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں کا تعلق پاکستان بنگلہ دیش، بھارت اور دیگر جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں سے ہے

سعودی عرب میں ایک یونیورسٹی کی زیرِ تعمیر عمارت کے، جہاں پر زیادہ تر پاکستان سے تعلق رکھنے والے مزدور کام کر رہے تھے گرنے سے چار مزدور ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے سعودی سول ڈیفنس کے حکام کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ دارالحکومت ریاض سے شمال مغرب میں القسیم یونیورسٹی کی زیرِ تعمیر عمارت میں پچاس مزدور کام کر رہے تھے جب یہ عمارت منہدم ہو گئی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے ہلال احمر کے ذرائع سے اطلاع دی ہے کہ اس حادثے میں دو مزدور ہلاک اور چودہ زخمی ہو گئے ہیں۔

سعودی حکام نے مرنے والے مزدوروں کی قومیت کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں کہا ہے لیکن اطلاعات کے مطابق اس جگہ پر زیادہ تر پاکستان سے تعلق رکھنے والے مزدور کام کر رہے تھے۔

یونیورسٹی کے ترجمان بندر الروشدی نے ایک مقامی ٹی وی چینل کو بتایا کہ اس جگہ پر زیادہ تر پاکستان سے تعلق رکھنے والے مزدور کام کر رہے تھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کئی مزدور عمارت کے ملبے تلے دب گئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں۔

القسیم صوبے کے گورنر پرنس فیصل بن مشال نے اس جگہ کا دورہ کیا۔