’ریونج پورن‘ ویب سائٹ کے مالک کو جیل

اس ویب سائٹ پر صرف دسمبر 2012 سے ستمبر 2013 کے درمیانی عرصے میں تقریباً دس ہزار تصاویر لگائی گئی تھیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناس ویب سائٹ پر صرف دسمبر 2012 سے ستمبر 2013 کے درمیانی عرصے میں تقریباً دس ہزار تصاویر لگائی گئی تھیں

امریکہ میں ’ریونج پورن‘ والی ویب سائٹ کے مالک کو 18 برس جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔

امریکی شہر سین ڈیاگو کے کیون بولائرٹ نے ’یوگاٹ پوسٹڈ ڈاٹ کام‘ نامی ایک ویب سائٹ بنائی تھی جہاں لوگ اپنے سابقہ ساتھیوں سے الگ ہو نے کے بعد بطورِ انتقام ان کی عریاں تصاویر پوسٹ کیا کرتے تھے۔

یہ تصاویر متاثرین کی رضامندی کے بغیر پوسٹ کی جاتی تھیں اور بولائرٹ بعد میں ان تصاویر کو ہٹانے کے 350 ڈالر بطور معاوضہ وصول کرتے تھے۔

بولائرٹ کو فروری میں 21 آئی ڈیز چوری کرنے اور رقم کی ادائیگی کے لیے ناجائز دباؤ ڈالنے کے چھ الزامات میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔

ان کے خلاف آٹھ خواتین نے سین ڈیاگو کی ایک عدالت میں ان کے سابقہ ساتھیوں کی جانب سے بولائرٹ کی ویب سائٹ پر تصاویر لگانے کے بعد ہراساں کیے جانے کی گواہی دی تھی۔

اس ویب سائٹ پر صرف دسمبر 2012 سے ستمبر 2013 کے درمیانی عرصے میں تقریباً دس ہزار تصاویر لگائی گئی تھیں۔

بولائرٹ کی بنائی اس ویب سائٹ سے متاثر ہونے والی ایک خاتون نے بتایا ہے کہ انھیں اپنی روزمرہ زندگی کو دوبارہ سے شروع کرنے کے لیے روزانہ جدوجہد کرنی پڑتی تھی، جبکہ دوسروں کو نفسیاتی علاج کی ضرورت پڑنے لگی تھی۔

ان میں سے بہت سی خواتین کو زبردستی اپنا کالج یا کام چھوڑنے کے لیے بھی کہا جاتا تھا۔

بولائرٹ کو جیل میں لمبی سزا کاٹنے کے علاوہ متاثرین کو 15 ہزار ڈالر بطور تلافی اور دس ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

ان کے بارے میں یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ انھوں نے تصاویر کو ہٹانے کے لیے جو رقوم لوگوں سے وصول کی تھیں وہ کم ازکم 30 ہزار ڈالر کے قریب ہیں۔

کیلی فورنیا کی اٹارنی جنرل کمالا ہیرس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر بنیادی طور پر ایک بزدلانہ اور مجرمانہ عمل کرنے والے شکاریوں کو قانون اور جیل سے کوئی نہیں بچا سکتا۔‘

ایسی ہی ریوینج پورن والی ویب سائٹ ’از اینی ون اپ‘ نامی ویب سائٹ چلانے والے ہنٹر موور کو بھی جلد ہی سزا سنا دی جائے گی۔