’ٹونی بلیئر کا برا پیسہ لیبر کے لیے اچھا نہیں‘

لیسلی برینن نے اس عطیے کو قبول نہ کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنلیسلی برینن نے اس عطیے کو قبول نہ کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی

برطانیہ کی سیاسی جماعت لیبر پارٹی کی عام انتخابات میں حصہ لینے والی ایک امیدوار نے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کی جانب سے 1000 پاؤنڈز کے عطیے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بی بی سی سکاٹ لینڈ کے سیاسی امور کے نامہ نگار گلین کیمبل کے مطابق ٹونی بلیئر جن کے سر گذشتہ دہائی میں لیبر پارٹی کے بطور ’نیو لیبر‘ احیا کا سہرا باندھا جاتا ہے نےسکاٹ لینڈ کی نشست ڈنڈی ایسٹ سے انتخابات میں حصلہ لینے والی کونسلر لیسلی برینن کو 1000 پاؤنڈز بطور عطیہ پیس کیا تھا۔

کونسلر لیسلی برینن لیبر جماعت کے ٹکٹ پر 7 مئی کے انتخابات میں حصہ لے رہی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’مجھے ٹونی بلیئر کی جانب سے عطیہ موصول ہوا جس پر میرے ذہن کہہ رہا تھا کہ اسے قبول نہ کریں۔ ٹیم سےمشورہ کیا۔ ڈنڈی ایسٹ یہ 1000 پاؤنڈز قبول نہیں کر رہا۔‘

ایسی اطلاعات ہیں کہ سابق وزیراعظم 106 لیبر امیدواروں کو 1000 پاؤنڈز کے عطیات پیش کر رہے ہیں مگر اس صورت میں اس عطیے کو قبول نہ کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔

سکاٹش سیاسی جماعت ایس این پی کا کہنا تھا کہ عطیات سکاٹ لینڈ کی لیبر جماعت کے لیے ’باعث شرم‘ ہیں کیونکہ برطانیہ بلیئر کی سرکردگی میں عراق کی جنگ میں شامل ہوا۔

ڈنڈی ایسٹ نشست اس وقت ایس این پی کے پاس ہے اور مقامی ممبر پارلیمنٹ سٹیورٹ ہوسی 7 مئی کو 1821 ووٹوں کی اکثریت کا دفاع کریں گے۔

جب ٹونی بلیئر کے عطیات کے بارے میں جمعرات کو خبریں سامنے آئیں تو اس پر ہوسی جو ایس این پی جماعت کے نائب سربراہ ہیں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹونی بلیئر کا گندہ پیسہ سکاٹ لینڈ میں لیبر کے لیے اچھا نہیں ثابت ہو گا۔‘

کونسلر لیسلی برینن نے اتوار کی صبح یہ ٹویٹ کی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنکونسلر لیسلی برینن نے اتوار کی صبح یہ ٹویٹ کی

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ حقیقت کہ لیبر امیدوار ایک ایسے شخص سے عطیات کو بخوشی قبول کر رہے ہیں جس نے عراق کی ناجائز جنگ میں برطانیہ کی قیادت کی، ٹیوشن فیسوں کو متعارف کروایا اور نیشنل ہیلتھ سروس کی نجکاری کو متعارف کروایا ایک غیر معمولی واقع ہے۔‘

ٹونی بلیئر نے 1997، 2001 اور 2005 کے انتخات میں اپنی جماعت کو مسلسل تین بار کامیابی دلائی جس کے بعد انہوں نے 2007 میں اقتدار گورڈن براؤن کے حوالے کر کے اس علیحدگی اختیار کی۔

لیبر لسٹ ویب سائٹ کے مطابق جن امیدواروں کی نشستوں کے لیے انہوں نے عطیات دیے ہیں اُن میں سے پانچ سکاٹ لینڈ میں ہیں جن میں ایسٹ ڈنبارٹن شائر، ایڈنبرا، آرگِل اور بیوٹ اور ڈمفری شائر، کلائڈزڈیل اور ٹویڈیل شامل ہیں۔