فن لینڈ: قومی ریڈیو پر قرآن پڑھنےکا فیصلہ

،تصویر کا ذریعہAFP
فن لینڈ کے قومی ریڈیو کی ایک نئی سیریز میں مکمل قرآن شروع سے آخر تک پڑھا جائےگا۔
ملک کا قومی نشریاتی ادارہ یلے آدھے گھنٹے پر مشتمل 60 پروگرام نشر کرے گا، جس میں ہر حصے کے معنی اور سیاق و سباق کی تشریح کے لیے دو ماہرین کی گفتگو بھی شامل ہوگی۔ یلے کی ویب سائٹ کے مطابق 7 مارچ سے شروع ہونے والے اس پراجیکٹ کا ’مقصد فن لینڈ میں قرآن اور مسلم ثقافت کے بارے لوگوں کے علم میں اضافہ کرنا ہے‘۔
فن لینڈ میں مسلمان کمیونٹی کے ایک رہنما امام انس حجر پڑھے جانے والے ہر حصے کے بارے میں گفتگو کریں گے۔ اس گفتگو میں فِنش زبان میں قرآن کا ترجمہ کرنے والے پروفیسر جاکو حمیم انٹیلا بھی شامل ہوں گے۔
حمیم انٹیلا کہتے ہیں کہ ’یہ انتہائی اہم ہے کہ قرآن کومکمل طور پر پڑھا جائے نہ کہ صرف ان حصوں کو پڑھا جائے جو اسلام کا برا اور پرتشدد یا اچھا اور خوبصورت رخ رکھاتا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’سامعین کو تمام تحریری مواد بھی دستیاب ہوگا۔‘
اس سیریز کے لیے 14,00 سال پرانی تحریر کی تشریح کرنا ہمیشہ دو ٹوک نہیں تھی۔ پروفیسر حمیم انٹیلا کہتے ہیں ’ہم میں اختلاف رائے نہیں ہے لیکن امام انس حجر اور میں نے اکثر ایک ہی حصے کے بارے میں مختلف نقطہ نظر پیش کیا ہے۔‘ وہ کہتے ہیں کہ ’امام حجر تحریر کو عملی اور معروضی معنوں میں پڑھتے ہیں اور میں اسے ایک تاریخی کام کے طور پر دیکھتا ہوں جو اس دور سے جڑا ہوا ہے جب یہ وجود میں آیا۔‘
فن لینڈ کی کل 54 لاکھ کی آبادی میں مسلمانوں کی تعداد اندازاً 60,000 ہے۔ یلے کے مطابق فن لینڈ کی مسلمان کمیونٹی اس پروگرام کی تیاری میں شامل رہی ہے اور اس پروگرام سے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔



