دولتِ اسلامیہ نے اہم عراقی قصبے پر قبضہ کر لیا

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے عراق کے صوبے انبار میں ایک اہم فوجی فضائی اڈے کے قریب واقع قصبے پر قبضہ کر لیا ہے۔
البغدادی نامی یہ قصبہ عین الاسد ایئر بیس سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جہاں سینکڑوں امریکی فوجی قیام پذیر ہیں۔
پینٹاگون کے ایک ترجمان ریئل ایڈمرل جان کربی نے کہا ہے گذشتہ چند مہینوں کے دوران ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں نے کسی نئي جگہ پر قبضہ کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں نے اس فضائی اڈے پر بھی جمعے کو حملہ کیا تھا جسے پسپا کر دیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے عین الاسد نامی فوجی اڈے پر اس وقت حملہ کیا جب امریکی فوجی عراقی افواج کو تربیت دے رہے تھے۔
ادھر امریکہ نے کہا ہے کہ وہ عراق میں موجود دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف اپنی فضائی مہم کو وسیع کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ دولتِ اسلامیہ نے گذشتہ سال عراق اور شام کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی جہازوں نے جمعرات کو عراق کے قصبوں موصل اور کرکوک میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی کارروائیاں کیں تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







