انبار میں دولتِ اسلامیہ کا امریکی ہوائی اڈے کے قریب حملہ

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے عراق کے صوبے انبار کے قصبے میں ایک امریکی ہوائی اڈے کے قریب حملہ کیا ہے۔
اس ہوائی اڈے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں 300 امریکی فوجی قیام پذیر ہیں۔
دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے عین الاسد نامی فوجی اڈے پر اس وقت حملہ کیا جب امریکی افواج عراقی فوجیوں کو ٹریینگ دے رہی تھی۔
عراق کے صوبے انبار کے دارالحکومت رمادی کے مغرب میں واقع اس ہوائی اڈے میں شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔
ادھر امریکہ عراق میں موجود دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں کے خلاف اپنی فضائی مہم کو وسیع کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ دولتِ اسلامیہ نے گذشتہ سال عراق اور شام کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی جہازوں نے جمعرات کو عراق کے قصبوں موصل اور کرکوک میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی کارروائیاں کیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے جمعرات کی صبح البغدادی کی جانب پیش قدمی کی جس کے بعد وہاں شدید لڑائی کی اطلاعات ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پینٹاگون کی خاتون ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی ہوائی اڈے پر براہِ راست حملہ نہیں ہوا۔







