’دولتِ اسلامیہ کے 50 فیصد سے زیادہ اہم رہنما مار دیے گئے‘

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اتحادی افواج کے حملوں میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے نصف سے زائد اہم رہنما ہلاک ہو چکے ہیں۔
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں 21 ممالک کے اعلیٰ عہدیداروں نے شام اور عراق میں دولتِ اسلامیہ کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے بعد امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی قیادت میں اتحادی افواج کے فضائی حملوں کے نتجیے میں دولت اسلامیہ کا زور ٹوٹ رہا ہے۔
’ہم نے ہزاروں کی تعداد میں دولتِ اسلامیہ کے جنگجوں کو مار بھگایا ہے اور اس کے 50 فیصد رہنما مارے گئے ہیں۔اس کے علاوہ قبضے میں لی گئی سینکڑوں گاڑیاں اور ٹینک تباہ کر دیے گئے ہیں۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’تیل و گیس کے تقریباً دو سو ذخائر ایسے تھے جن کی فروخت سے دولتِ اسلامیہ کو مالی وسائل ملتے تھے اور اس سلسلے کو بھی ختم کیا گیا۔ یہی وہ ڈھانچہ تھا جہاں سے وہ اپنی دہشت گردی کے لیے رقم اکٹھی کرتے تھے۔‘
امریکی وزیر خارجہ کے مطابق’ دولتِ اسلامیہ کی ہزاروں چیک پوسٹ اور عمارتیں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔۔۔حالیہ ماہ میں ہم نے عراق اور شام میں ان کی پیش قدمی کو روکا ہے اور بعض معاملات میں انھیں واپس دھکیلا ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ دولتِ اسلامیہ پر دو ہزار فضائی حملے کیے گئے اور زمینی افواج نے اس سے سات سو مربع کلومیٹر کا علاقہ آزاد کرایا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دولتِ اسلامیہ کے خلاف امریکہ کی سربراہی میں فضائی کارروائیوں سے پہلے اس کے پاس 91 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اجلاس میں شریک عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے خبردار کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ان کے ملک کی شدت پسندی کے خلاف لڑنے کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے
انھوں نے عراقی افواج کی تربیت پر اتحادی ممالک کا شکریہ ادا کیا لیکن انھوں نے اسلحہ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اجلاس میں برطانیہ کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ تمام اتحادی ممالک دولتِ اسلامیہ کو شکست دینے کے لیے پر عزم ہیں
اس کانفرنس میں دولتِ اسلامیہ کی ریکروٹمنٹ اور فنڈنگ کو روکنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
کانفرنس میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف برسرِ پیکار جنگجوؤں کو مزید فوجی امداد اور شہریوں کے لیے امداد پر بھی غور کیا گیا۔
اس کانفرنس میں آسٹریلیا، بحرین، بیلجیئم، کینیڈا، ڈنمارک، مصر، فرانس، جرمنی، اٹلی، ، اردن، کویت، نیدرلینڈز، ناروے، قطر، سعودی عرب، سپین، ترکی اور متحدہ عرب امارات نے بھی شرکت کی۔







