جنگ زدہ علاقوں میں سیاحت؟

،تصویر کا ذریعہGetty
اطلاعات کے مطابق ایک روسی ٹوئر کمپنی نے یوکرین کی جنگ سے تباہ شدہ علاقوں میں سیاحت کے لیے ٹوئر گروپ منظم کرنے شروع کیے ہیں۔
میگاپولس کرورٹ کمپنی اب تک روس ہی میں سیاحت کرواتی تھی لیکن اب اس نے پرخطر سیاحت میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ہے۔
کریملن کی حامی اخبار ازویستیا نے خبر دی ہے کہ ان سیاحوں کے لیے ابتدا میں دونتسک اور لوہانسک کی کئی خودساختہ ریاستوں میں سیاحت ہو گی۔
ان علاقوں میں روس نواز باغیوں اور یوکرین کی افواج کے درمیان خونریز لڑائی ہوتی رہی ہے۔
کمپنی کے شریک مالک میخائل بیلی نے بتایا ’ان علاقوں میں ایک سیاحتی دورے کا خرچ 2,000 سے 3,000 ڈالر ہوگا۔‘
اس سفر کے لیے ایک خصوصی بکتر بند گاڑی 1,300 پاؤنڈز کی مالیت سے تیار کی جا رہی ہے جس میں پانچ سے سات افراد سوار ہو سکیں گے اور اس کے ہر گروپ کی حفاظت سکیورٹی گارڈز کریں گے۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سفر کے لیے دس کے قریب افراد رضامندی کا اظہار کر چکے ہیں۔
لوہانسک کی خود مختار حکومت کے ایک رکن سٹینسلاو ونوکورو نے کہا کہ اُن کے لیے یہ شدید حیرت کی بات ہے۔ ’میں سیاحت کے شعبے کو سمجھتا ہوں لیکن لوگوں کے دکھ درد سے پیسہ کمانا؟ میں اس کی حمایت نہیں کرتا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
ٹوئر کمپنی کے ایک شریک بانی اناتولی ارنوو کا کہنا ہے کہ یہ بہت مختصر مدت کے لیے ہو گا۔ ’میں نہیں سمجھتا کہ یہ ایک مستقل سلسلہ ہو گا۔ یہ ایک واقعے سے جڑی سیاحت ہے۔ لوگ ہر چیز خود دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کی بنیاد پر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ کس کی مدد کریں۔‘
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان ٹوئرز کے ساتھ امداد کے سلسلے کو بھی جوڑا جائے گا۔
تاہم کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ سیاحوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گی۔







