اردن: فضائی حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانے ’تباہ‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اردن کا کہنا ہے کہ اس نے تین دنوں میں دولتِ اسلامیہ کے خفیہ ٹھکانوں پر 56 فضائی حملے کیے ہیں۔
فضائیہ کے سربراہ جنرل منصور الجبور کا کہنا تھا کہ ’ہم نے اپنا مقصد پورا کیا ہے۔‘
اردن نے زیادہ فضائی حملے اس وقت شروع کیے تھے جب دولتِ اسلامیہ کی جانب سے منگل کی شام انٹرنیٹ پر شائع کی جانے والی ایک ویڈیو میں بظاہر دکھایا گیا تھا کہ مغوی پائلٹ معاذ الکساسبہ کو زندہ جلا دیا گیا تھا۔
امریکی قیادت میں اتحادی افواج کے فضائی حملوں میں 20 فیصد اردن کی جانب سے شام میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف کیے گئے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اردن کے فضائی حملے رقہ میں کیے جا رہے ہیں جو دولت اسلامیہ کا مضبوط گڑھ بتایا جاتا ہے۔
جنرل منصور کا کہنا ہے کہ ان فضائی حملوں سے دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کی صلاحیتوں کو تقریباً بیس فیصد نقصان پہنچا ہے۔
دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کا کہنا ہے کہ اردن کے فضائی حملوں میں ایک امریکی امدادی کارکن کیلا مولر کی جان گئی ہے۔ اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
بدھ کی صبح ہی اردن نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں اپنے ایک پائلٹ کی ہلاکت کے بعد ایک خاتون سمیت دو مجرموں کو پھانسی دے دی تھی۔ سزائے موت پانے والوں میں ساجدہ الرشاوی شامل ہیں جن کی رہائی کا مطالبہ دولت اسلامیہ نے کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر امریکی فوج نے کہا ہے کہ امریکی قیادت میں اتحادی افواج کے طیاروں نے بدھ کی رات سے جمعرات کی صبح تک عراق میں نو اور شام میں تین اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
جوائنٹ ٹاسک فورس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان حملوں میں شامی شہر کوبانی کے نواحی علاقے کے علاوہ فلوجہ، کرکوک اور موصل سمیت سات عراقی شہروں پر حملے کیے گئے ہیں۔







