’فضائی حملے تو اردن کے انتقام کا صرف آغاز ہیں‘

اردنی طیاروں نے عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کے کچھ تربیتی مراکز اور اسلحہ خانوں کو نشانہ بنایا

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشناردنی طیاروں نے عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کے کچھ تربیتی مراکز اور اسلحہ خانوں کو نشانہ بنایا

اردن کے وزیرِ خارجہ ناصر جودہ نے کہا ہے کہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف اردنی فضائیہ کے حملے تو اردن کے مغوی پائلٹ کے ’انتقام کا صرف آغاز ہیں۔‘

امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دولتِ اسلامیہ کے خلاف کارروائی میں ’ہم اپنا سب کچھ لگا رہے ہیں۔‘

دولتِ اسلامیہ کی جانب سے منگل کی شام انٹرنیٹ پر شائع کی جانے والی ایک ویڈیو میں بظاہر دکھایا گیا تھا کہ مغوی پائلٹ معاذ الکساسبہ کو زندہ جلایا گیا۔

معاذ الکساسبہ کو دسمبر میں الرقہ کے علاقے سے اس وقت پکڑا گیا تھا جب ان کا جہاز دولتِ اسلامیہ کے زیرِ قبضہ علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

اردن کے بادشاہ عبداللہ نے اپنے عوام سے اس شدت پسند تنظیم کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاذ الکساسبہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

اس سے قبل اردن صرف شام میں دولتِ اسلامیہ کے عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بناتا رہا ہے لیکن اردنی وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ اب کارروائی کا دائرہ عراق تک پھیلا دیا گیا ہے۔

جمعرات کو دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بعد واپسی پر جنگی جہازوں نے معاذ الکساسبہ کے گاؤں کے اوپر پرواز کی۔

اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا تھا کہ معاذ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناردن کے شاہ عبداللہ نے کہا تھا کہ معاذ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا

اس وقت بادشاہ عبداللہ بھی معاذ کے اہلخانہ سے اظہارِ افسوس کے لیے وہاں موجود تھے۔

سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی فوٹیج کے مطابق بادشاہ عبداللہ افسردہ چہرے کے ساتھ معاذ کے اہلخانہ اور دیگر افراد کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ اسی دوران جب جنگی جہاز گاؤں کے اوپر سے گزرے تو بادشاہ عبداللہ نے آسمان کی جانب دیکھا۔

معاذ کے والد سیف الکساسبہ نے تعزیت کے لیے آنے والوں کو بتایا کہ جنگی جہاز شام کے علاقے الرقہ میں دولتِ اسلامیہ کو ہدف بنانے کے بعد واپس لوٹے ہیں۔ الرقہ کو دولتِ اسلامیہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

امریکی چینل فوکس نیوز کو ایک علیحدہ انٹرویو میں اردن کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ ’ہم کہہ رہے ہیں کہ ہم اسے انجام تک پہنچائیں گے۔ وہ جہاں کہیں بھی ہیں ہم ان کا پیچھا کریں گے اور ہم یہ کر رہے ہیں۔‘

ناصر جودہ نے تصدیق کی کہ اردنی طیاروں نے عراق اور شام دونوں ممالک میں شدت پسندوں کے کچھ تربیتی مراکز اور اسلحہ خانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

جمعرات کو ہونے والے حملوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ’آج عراق سے زیادہ شام میں کارروائی ہوئی لیکن یہ ایک جاری رہنے والا عمل ہے۔‘

حملوں میں استعمال ہونے والے میزائلوں پر عوام نے پیغامات بھی لکھے ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنحملوں میں استعمال ہونے والے میزائلوں پر عوام نے پیغامات بھی لکھے ہیں

اردن کی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق درجنوں جنگی جہازوں نے دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ان ٹھکانوں میں ایک تربیتی مرکز اور ایک اسلحے کا ایک گودام بھی شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ’فضائی کارروائیاں تو ابھی ابتدا ہیں۔‘

تاہم الرقہ میں دولتِ اسلامیہ کے مخالف کارکنوں کے مطابق شہر میں اتحادی افواج کے جنگی جہازوں نے کوئی کارروائی نہیں کی۔

اردن کے سرکاری ٹی وی پر یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ لوگ ان میزائلوں پر پیغام تحریر کر رہے ہیں جنھیں ان حملوں میں استعمال کیا گیا۔ ایسے ہی ایک پیغام میں دولتِ اسلامیہ کو اسلام کا دشمن کہا گیا ہے۔

اردن کے شاہ عبداللہ نےعوام سے اس شدت پسند تنظیم کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرنے کا وعدہ کیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناردن کے شاہ عبداللہ نےعوام سے اس شدت پسند تنظیم کے خلاف سخت جوابی کارروائی کرنے کا وعدہ کیا تھا

بدھ کی صبح ہی اردن نے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں اپنے ایک پائلٹ کی ہلاکت کے بعد ایک خاتون سمیت دو مجرموں کو پھانسی دے دی تھی۔ سزائے موت پانے والوں میں ساجدہ الرشاوی شامل ہیں جن کی رہائی کا مطالبہ دولت اسلامیہ نے کیا تھا۔

ادھر امریکی فوج نے کہا ہے کہ امریکی قیادت میں اتحادی افواج کے طیاروں نے بدھ کی رات سے جمعرات کی صبح تک عراق میں نو اور شام میں تین اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

جوائنٹ ٹاسک فورس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان حملوں میں شامی شہر کوبانی کے نواحی علاقے کے علاوہ فلوجہ، کرکوک اور موصل سمیت سات عراقی شہروں میں حملے کیے گئے ہیں۔