مشرقی یوکرین لڑائی میں ’درجنوں ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
یوکرین میں حکام کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں فوج اور روس نواز حامی باغیوں کے درمیان لڑائی میں کم سے کم 40 افراد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق یوکرین میں گذشتہ 24 گھنٹوں سے جاری لڑائی میں 15 سپاہیوں کے علاوہ 12 عام شہری ہلاک جبکہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے۔
ادھر علیحدگی پسندوں نے وہیلرک نامی قصبے پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے لیکن یوکرین کی فوج نے اس کی تردید کی ہے۔
دوسری جانب بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں ہونے والے مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئے۔
ان مذاکرات میں یوکرین اور روس کے نمائندوں کے علاوہ باغی کے نمائندوں اور آرگنائزیشن فار سکیورٹی اینڈ کارپوریشن کے ارکان نے بھی حصہ لیا۔
یوکرین میں حالیہ شدید لڑائی نے گذشتہ برس ستمبر میں بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
یوکرین کے وزیرِ دفاع نے سنیچر کو صحافیوں کو بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں سے جاری لڑائی میں 15 سپاہی ہلاک جبکہ 30 زخمی ہو گئے۔
دونیتسک ریجن میں یوکرین کی وزراتِ داخلہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ باغیوں کی شیلنگ میں 12 افراد ہلاک ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اقوامِ متحدہ کے مطابق یوکرین میں اپریل سے لے کر اب تک لڑائی میں 5,000 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ دس لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔







