داعش کے جنگجوؤں کی پسپائی، کرد کوبانی پر ’قابض‘

،تصویر کا ذریعہAP
اطلاعات کے مطابق کرد فورسز نے داعش کے جنگجوؤں کو کوبانی سے نکال دیا ہے۔ اس طرح شام کے شمالی شہر کے کنٹرول کے لیے چار ماہ سے لڑی جانے والی لڑائی ختم ہو گئی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ پاپولر پروٹیکشن یونٹس (وائی پی جی) کے جنگجو داعش کے جہادیوں کی پسپائی کے بعد شہر کے شمالی مضافاتی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
ایسی بھی اطلاعات آ رہی ہیں کہ لوگ سڑکوں پر نکل کر جشن منا رہے ہیں اور ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں۔
کوبانی کی جنگ کو امریکہ کی سربراہی والے اتحاد کے لیے ایک اہم ٹیسٹ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ اتحادی طیارے داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کر کے اسے پسپا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ستمبر میں یہاں داعش کے حملے کے بعد کرد اکثریت کے اس علاقے سے 160,000 سے زیادہ لوگ ہجرت کر کے قریبی ترکی کے سرحدی علاقوں میں پناہ لے چکے ہیں۔
برطانیہ میں مقیم سرگرم گروہ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق کوبانی کی جنگ میں اب تک 1,600 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔



