کوبانی کے اہم ضلعے کے 80 فیصد حصے پر کُرد جنگجوؤں کا قبضہ

،تصویر کا ذریعہAFP
اطلاعات کے مطابق کرد جنگجوؤں نے شمالی شام میں واقع کوبانی کے ایک اہم علاقے کے 80 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
کرد جنگجوؤں نے یہ علاقے دولتِ اسلامیہ سے حاصل کیا ہے۔
کرد جنگجوؤں نے عراقی پیشمرگا فورسز کے ہمراہ سکیورٹی ضلعے کے 80 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جس میں پولیس ہیڈ کوارٹر بھی شامل ہے۔
دولتِ اسلامیہ نے اس علاقے پر ستمبر میں حملہ کیا تھا اور جلد ہی اس پر قبضہ کر لیا تھا۔
برطانیہ میں قائم دی آبزرویٹری جو شام میں جاری جنگ پر نظر رکھے ہوئے ہے کا کہنا ہے کہ کرد جنگجوؤں نے اتوار کی رات شدید لڑائی کے بعد علاقے پر کنٹرول حاصل کیا ہے۔
کوبانی میں موجود سرکاری اہلکار ادریس نسان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کوبانی کے اہم ضلعے کے 80 فیصد علاقے کو دولتِ اسلامیہ کے قبضے سے چھڑا لیا گیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ کوبانی کے دو مشرقی اضلاع پر دولت اسلامیہ کا اب بھی قبضہ ہے۔
’امید ہے کہ آئندہ چند روز میں مشرقی اضلاع بھی دولت اسلامیہ سے آزاد کرا لیے جائیں گے۔ کرد جنگجوؤں کی پیش قدمی میں تیزی آئی ہے اور فضائی حملے بھی تیز کردیے گئے ہیں۔‘
کوبانی میں لڑائی کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک اور تقریباً دو لاکھ سے زائد افراد ترکی میں پناہ گزین ہونے پر مجبور ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی کی سربراہی میں اتحادی فورسز کی فضائیہ کرد فورسز کی مدد کرتی ہے جو کوبانی میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
ترکی نے عراق سے تعلق رکھنے والے بعض کرد جنگجوؤں کو ترک علاقے سے گزر کر کوبانی میں کرد سکیورٹی فورسز کی مدد کرنے کے لیے جانے کی اجازت دی ہے۔
خیال رہے کہ شام و عراق کے وسیع علاقے پر دولت اسلامیہ کا کنٹرول ہے۔







