تھائی لینڈ: کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر پابندی کا قانون

،تصویر کا ذریعہAFP
تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے ملک میں ’کمرشل سروگیسی‘ یا کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
جنوب مشرقی ایشیا کے اس ملک میں اس عمل کی نگرانی کا کوئی طریقۂ کار موجود نہیں ہے۔
177 ووٹوں سے منظور ہونے والے قانون کے مسودے کے مطابق کرائے کی کوکھ کا کاروبار کرنے والوں کو 10 سال تک قید ہو سکتی ہے۔
تھائی لینڈ میں کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر عوامی احتجاج اور اشتعال میں اس وقت اضافہ ہوا تھا جب پتہ چلا کہ ایک جاپانی شخص نو’سروگیٹ‘ بچوں کا باپ بنا۔
گزشتہ مئی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد تھائی لینڈ کی فوجی حکومت نے کوکھ کے تجارتی استعمال کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
تھائی اسمبلی کے رکن والوپ ٹنگ کانانورک نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ: ’ہم غیر ملکیوں کے ذہن سے یہ خیال ختم کرنا چاہتے ہیں کہ تھائی لینڈ بچوں کی فیکٹری ہے۔‘
سنہ 1997 میں تھائی لینڈ کی میڈیکل کونسل نے کرائے کی کوکھ کے کاروبار پر پابندی لگا دی تھی۔
اس ادارے نے واضح طور پر کہا تھا کہ: ’مادہ منویہ دینے والے یا اس سے حاملہ خاتون کو کوئی معاوضہ نہیں ادا کیا جائے گا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادارے نے یہ بھی کہا کہ خاتون صرف تب کسی کا بچہ پیدا کر سکتی ہے اگر وہ ایسا کروانے والے ’جوڑے میں سے ایک کی رشتہ دار ہو۔

،تصویر کا ذریعہap
تھائی لینڈ میں کرائے کی کوکھ کے کاروبار میں بہت اضافہ ہوا ہے اور اس نے کئی غیر ملکیوں کو اپنی طرف مائل کیا ہے۔
لیکن حال ہی میں تھائی لینڈ کو اس تجارت کے حوالے سے کئی سکینڈلوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پہلے سکینڈل میں ایک تھائی خاتون نے ایک آسٹریلین جوڑی ڈیوڈ اور وینڈل فارنیل پر الزام لگایا تھا کہ وہ اپنے بیٹےگیمی کو ان کے پاس چھوڑ کر چلے گئے لیکن اس کی جڑواں بہن کو اپنے ساتھ لے گئے۔
گیمی کو پیدائشی طور پر دل کی بیماری ہے اور ان کے پھیپھڑوں میں بھی انفیکشن ہے۔
پاتھرامون چانبوا نامی اس خاتون نے مزید کہا کہ جب انھیں پتہ چلا کہ گیمی معذور ہیں تو آسٹریلین جوڑی نے پاتھرامون کو اسقاطِ حمل کے لیے کہا۔
جوڑی نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے آسٹریلوی میڈیا کو بتایا کہ وہ گیمی کو اپنے ساتھ واپس لے جانا چاہتے تھے لیکن پاتھرامون اسے نہیں چھوڑنا چاہتی تھیں۔
تھائی قانون کے تحت ’سروگیٹ‘ مائیں ان بچوں کی قانونی ماں تصور کی جاتی ہیں جنھیں انھوں نے جنم دیا ہو۔
گیمی اور جاپانی آدمی کے نو بچوں کی خبر کے بعد تھائی حکومت نے اُن جوڑیوں پر پابندیاں عائد کردیں جو سروگیٹ بچوں کے ساتھ ملک چھوڑ کر جا رہے تھے۔
اس فیصلے سے ایک درجن جوڑیاں متاثر ہوئیں کیونکہ اپنے بچوں کو اپنے ساتھ لے جانے کے لیے انھیں عدالت سے اجازت لینی پڑی۔







