نائجیریا میں بوکو حرام نے 30 بچوں کو اغوا کر لیا

،تصویر کا ذریعہafp
نائجیریا کی شمال مشرقی کے علاقے میں مقامی رہنماؤں کے مطابق شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے مشتبہ عسکریت پسندوں نے 30 بچوں کو اغوا کر لیا ہے۔
اغوا کا یہ دوسرا واقعہ ہے جو حکومت کی جانب سے شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے بعد پیش آیا ہے۔
اس سے پہلے گذشتہ جمعرات کو شمال مشرقی ریاست اڈاماوا میں مقامی رہائشیوں کے مطابق مشتبہ عسکریت پسندوں نے دو دیہات سے درجنوں مزید لڑکیاں اور خواتین اغوا کو اغوا کر لیا تھا۔
جمعرات کو کو بورنو ریاست کے گاؤں معفا میں شدت پسندوں کے حملوں میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
حقوق انسانی کے عالمی ادارے ہیومن رائٹس واچ کے مطابق سال 2009 سال سے اب تک بوکوحرام گروپ نے پانچ سو سے زائد لڑکیوں اور خواتین کو اغوا کیا ہے۔
ادارے کے مطابق حکومت کی جانب سے چھ ماہ پہلے اغوا کی جانے والی دو سو لڑکیوں کے بازیابی کے لیے اختیار کیے جانے والا طریقۂ کار بری طرح سے ناکام ہوا ہے۔
حکومت پرامید ہے کہ مذاکرات کے پس منظر اور جنگ بندی کے اعلان کے بعد بوکو حرام اپریل میں اغوا کی گئی 200 سے زائد لڑکیوں کو رہا کر دے گی۔ تاہم بوکو حرام نے ابھی تک حکومت کے ساتھ جنگ بندی کی تصدیق نہیں کی۔
گذشتہ جمعے کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد حکومت نے کہا کہ بوکو حرام کے ساتھ مزید مذاکرات پڑوسی ملک چاڈ میں کیے جائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دو ماہ پہلے بوکو حرام پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ اب خواتین کو بھی خود کش بمباروں کی صورت میں جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ الزامات اس وقت سامنے آئے جب شمال میں سب سے بڑے شہر کانو میں حملے میں چار نو عمر لڑکیوں نے حملہ کیا۔ تاہم حکومت اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیتی ہے کہ بوکو حرام کی جانب سے اِغوا ہونے والی 200 سے زائد طالبات کو انسانی بموں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔







