کوریا کی سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ

جنوبی کوریا کے کارکن غبارے اٹھا کر مظاہرہ کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنجنوبی کوریا کے کارکن غبارے اٹھا کر مظاہرہ کر رہے ہیں

جنوبی کوریا کے حکام نے کہا ہے کہ جنوبی اور شمالی کوریا کی فوجوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

دونوں ملکوں کی سرحد پر کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب جنوبی کوریا کے کچھ کارکنوں نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اِن کی مخالفت میں لکھے ہوئے غبارے اٹھا کر مظاہرہ کیا۔

پیونگ یانگ نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ اگر سیئول نے کارکنوں کو آگے بڑھنے سے نہیں روکا تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

اس دوران دونوں طرف سے سرحدوں پر وقفے وقفے سے فائرنگ کی گئی، تاہم کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یون ہاپ نے فوجی آفیسرز کے حوالے سے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے غباروں پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد جنوبی کوریا کی طرف سے سرحد پر فائرنگ کی گئی، لیکن فوری طور پر کسی جانی نقصان کا پتہ نہیں چل سکا۔

یہ تصادم اس وقت ہوا ہے جب شمالی کوریا حکمران پارٹی کے 69 سال پورے ہونے کا جشن منا رہی ہے۔

میڈیا کو جو فہرست ملی ہے، اس کے مطابق مسٹر کم اس پروگرام میں شریک نہیں تھے اور انھیں ایک مہینے سے پبلک میں نہیں دیکھا گیا۔