شمالی کوریا: جیت پر جشن، ہار کی خبر ہی غائب

،تصویر کا ذریعہGetty
شمالی کوریا کے میڈیا نے اپنے بڑے حریف جنوبی کوریا سے فٹبال میں شکست کو سرے سے رپورٹ ہی نہیں کیا۔
پیونگ یانگ کے راڈنگ سنمن اخبار نے ایشئن گیمز میں میڈل جیتنے پر جشن جیسے سماں کو تو رپورٹ کیا لیکن اخبار انہی مقابلوں میں مردوں کے فٹبال کے فائنل مقابلے میں جنوبی کوریا سے شکست کی خبر کھا گیا۔
سول سے جاری ہونے والے روزنامے چوزن ایلبو کے مطابق ، اس کے برعکس خواتین کی فٹبال ٹیم کی فائنل میں جاپان کے خلاف تین، ایک سے فتح کو ایسے پیش کیا گیا جیسے مردوں کی فٹبال ٹیم وجود ہی نہیں رکھتی۔

،تصویر کا ذریعہRodong Sinmun
شمالی کوریا کے مرکزی ٹیلی ویژن نے 36 میڈلز جیتنے کے بعد کھلاڑیوں کی جشن نما پریڈ دکھائی جس میں معروف سیاسی رہنما تو موجود تھے لیکن کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے ملک کے رہنما کم یانگ ان، منظر سے غائب تھے۔
گولڈ میڈلز جیتنے والوں کا تو پریڈ میں جوش و خروش سے استقبال کیا گیا لیکن مردوں کی بے چاری فٹبال ٹیم کو گھاس ہی نہیں ڈالی گئی۔
شمالی اور جنوبی کوریا ایک دوسرے کے سخت حریف تصور ہوتے ہیں اور دونوں ممالک میں سالہا سال سے جاری کشیدگی کھیل کے میدان میں بھی دیکھی جاتی ہے۔



