الجزائر کے تباہ ہونے والے طیارے میں کوئی زندہ نہیں بچا: فرانسیسی صدر

،تصویر کا ذریعہAFP
فرنس کے صدر فرنسوا اولاند نے کہا ہے کہ جمعرات کو گر کر تباہ ہونے والے ایئر الجیریا کے طیارے اے ایچ 5017 پر سفر کرنے والا کوئی فرد بھی زندہ نہیں بچا۔
صدر اولاند نے کہا کہ فرانسیسی فوج نے بورکینا فاسو کے ساتھ مالی کی سرحد پر جائے حادثہ پر پہنچ کر طیارے کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر ڈھونڈ نکالا ہے۔
فرانسیسی صدر نے جمعے کو کہا کہ ’فرانسیسی فوجیوں نے جائے حادثہ پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ افسوس ہے کہ کوئی بھی زندہ نہیں بچا۔‘
بورکینا فاسو کے دارالحکومت واگا ڈوگو سے الجزائر کے دارالحکومت الجیئرز جانے والی ایئر الجیریا کی اس پرواز میں 116 مسافر سوار تھے جن میں 51 فرانسیسی شہری تھے۔
طیارے نے جمعرات کو خراب موسم میں جیسے ہی مالی کو عبور کیا تو اس سے الجزائر کے ایئر کنٹرول کا رابطہ ختم ہوگیا۔ بورکینا فاسو کی فوج کے مطابق ایئر الجیریا کا یہ طیارہ بورکینا فاسو کی سرحد سے 50 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہوا۔
فرانس کے وزیر داخلہ برنار کیسونووا نے فرانسیسی ریڈیو نیٹ ورک آر ٹی ایل کو بتایا کہ ’طیارہ گرنے کے ساتھ ہی تباہ ہو گیا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہمارے خیال میں طیارہ خراب موسم کی کی وجہ سے گرا لیکن فی الحال دیگر عوامل کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جا سکتا۔‘
فرنسیسی وزارتِ دفاع کے ایک اہلکار نے کہا کہ فرانسیسی فوج کی 100 افراد پر مشتمل ٹیم 30 گاڑیوں کے ساتھ جمعے کو جائے حادثہ پر پہنچی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے الجزائر کے حکام نے اس لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے کا ملبہ مالی سے ملنے کی خبر دی تھی۔
ایئر الجیریا کے مطابق AH 5017 طیارے کو سپین کی فضائی کمپنی سوفٹ ایئر کی جانب سے چارٹر کیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بورکینا فاسو کی فوج کے جنرل گلبرٹ کا کہنا ہے کہ طیارے کو تلاش کرنے والے افراد کو جلے ہوئے انسانی اعضا اور جہاز کا ملبا ملا ہے۔
بورکینا فاسو کے حکام کے مطابق طیارے پر سوار مسافروں میں 24 کا تعلق بورکینو فاسو سے تھا جبکہ آٹھ لبنانی، چار الجیریائی، دو لکسمبرگ کے شہری، ایک بیلجیئم کا شہری، ایک سوئس، ایک نائجیریئن، ایک کیمرون کا شہری، ایک یوکرینی اور ایک رومانیہ کا باشندہ تھا۔
بی بی سی کے مغربی افریقہ کے نامہ نگار ٹامس فیسی کا کہنا ہے کہ فرنسیسی مسافر اکثر اس فضائی راستے سے آتے جاتے ہیں۔
اس سے قبل ایئر الجیئرز کا بوئنگ 737 طیارہ چھ مارچ 2003 کو دارالحکومت الجیئرز کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار 102 افراد ہلاک ہو گئے اور صرف ایک شخص بچ پایا تھا۔
گذ شتہ کچھ دنوں میں دنیا بھر میں طیارے گرنے اور حادثات کا شکار ہونے کے متعدد واقعات رونما ہوئے ہوئے ہیں۔
گذ شتہ ہفتے ملائیشیا کا طیارہ ایم ایچ 17 مشرقی یوکرین میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
بدھ کو تائیوان کے مغربی ساحل کے ایک جزیرے پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیاجس کے نتیجے میں 47 افراد ہلاک ہو گئے۔







