برکس ممالک کا ایک کھرب ڈالر کا ترقیاتی بینک

،تصویر کا ذریعہMEA INDIA
دنیا کی پانچ ابھرتی ہوئی طاقتوں کی تنظیم بركس ممالک ایک نیا ترقیاتی بینک اور حادثاتی فنڈ قائم کریں گے۔ بركس بینک کا پہلا چیف ایگزیکٹیو بھارت کو مقرر کیا جائے گا۔
یہ اطلاع بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید اكبرالدين نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دی ہے۔
یہ بینک چین میں قائم کیا جائے گا اور اس کا ایک علاقائی دفتر جنوبی افریقہ میں ہوگا۔
بركس ممالک کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بینک کو ایک کھرب ڈالر کے سرمایے سے شروع کیا جائے گا۔ اس بینک کو عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ یا آئی ایم ایف کے متبادل کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
بركس کانفرنس کے منتظم ملک برازیل کی صدر جيلما روسیف نے کہا کہ اس بینک کا قیام عالمی اقتصادی ڈھانچے کو پھر سے اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کی سمت میں اہم قدم ہوگا۔ بركس ملک اس بینک کا استعمال تعمیراتی منصوبوں کو مالی مدد دینے کے لیے کریں گے۔
کانفرنس کے دوران بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے لامحدود امکانات تلاش کیے جا سکتے ہیں۔
بركس کانفرنس برازیل کے شہر فورٹیلیزا میں منعقد ہو رہی ہے۔ بركس کے رکن ممالک میں برازیل، بھارت، چین، روس اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
بركس کے رکن ممالک کا جنوبی امریکی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ بدھ کو برازيليا شہر میں اجلاس ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







