امریکہ: بچہ گیارہویں منزل سے گر کر بچ گیا

،تصویر کا ذریعہABC
امریکی ریاست منی سوٹا میں مقامی ذرائع بلاغ کے مطابق ایک سال کا بچہ عمارت کی گیارہویں منزل سے گرنے کے بعد بچ گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق موسیٰ دیاب گیارہویں منزل پر واقع اپنے فلیٹ کی بالکونی سے پھسل کر نیچے جا گرا۔ اس وقت وہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ موسیٰ کے دونوں بازو ٹوٹ گئے ہیں اور وینٹی لیٹر کی مدد سے سانس لے رہا ہے۔
ڈاکٹروں کو امید ہے کہ بچے کی جان بچ جائے گی۔
موسیٰ کا علاج کرنے والی ڈاکٹر ٹینا سلیشر کےمطابق کم عمر اور زمین کی سطح نرم ہونے کی وجہ سے بچے کی جان بچ گئی۔
صومالی برادری میں اس بچے کے خاندان کے جاننے والوں کا کہنا ہے کہ بچے کا خاندان صدمے میں ہے۔

صومالی برادری کے ایک کارکن عبدالرزاق بہی نے سٹار ٹریبیون اخبار کو بتایا کہ ’جب لوگوں نے بچے کو زندہ دیکھا تو کسی کو یقین نہیں آیا۔ مجھے بچے کے والدین کے بارے میں فکر ہے کیونکہ وہ پریشان ہیں اور یہاں تک کہ بات بھی نہیں کر رہے۔‘
موسیٰ کا علاج کرنے والی ڈاکٹر ٹینا سلیشر کے مطابق اگر کوئی بالغ اتنی بلندی سے گرے تو یقیناً اس کی موت واقع ہو جائے گی۔
ڈاکٹر کے مطابق چھوٹے بچوں کے جسم میں زیادہ لچک ہوتی ہے اور انھیں بڑوں کی نسبت زیادہ نقصان نہیں پہنچتا، اور یہ بچہ ویسے بھی گھاس پھوس کے ایک چھوٹے سے ڈھیر پر گرا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم انھوں نے کہا کہ یقیناً یہ ایک معجزہ ہے اور بچے کے خاندان کو خدا کا تحفہ ہے۔ بچے اتنی بلندی سے گرتے نہیں اور اگر گر جائیں تو بچ نہیں پاتے۔







