لڑکا جہاز کے پہیوں میں بیٹھ کر ہوائی پہنچ گیا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
امریکہ میں 16 برس کے ایک لڑکے نے ہوائی جہاز کے پہیوں کے اندر چھپ کر پانچ گھنٹے کا سفر طے کیا اور کیلی فورنیا سے ہوائی پہنچ گیا۔
امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے اس لڑکے سے تفتیش کے بعد اسے ہسپتال بھیج دیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ لڑکا گھر سے بھاگ کر سان ہوزے ہوائی اڈے پہنچا اور اس کی باڑ کو پھلانگ کر ہوائی جہاز کے پہیے میں سوار ہو گیا۔
ہوائی ایئر لائنز کے ترجمان نے کہا کہ اتوار کی صبح جب ہوائی جہاز ہوائی اڈے پر اترا تب ملازمین کو اس لڑکے کے بارے میں پتہ چلا۔
ترجمان کا کہنا تھا ’ہماری بنیادی تشویش اس کی صحت کے بارے میں ہے۔ لڑکا خوش قسمتی سے بچ گیا۔‘
ایف بی آئی کے ترجمان ٹام سائمن نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا ’لڑکا خوش قسمت ہے کہ بچ گیا۔‘
انھوں نے کہا کہ جب ہوائی جہاز ماؤوی کے ہوائی اڈے پر اترا تو وہ پہیوں والی جگہ سے کود کر ہوائی اڈے پر ٹہلنے لگا۔
ٹائم سائمن نے کہا کہ جب وہ ہوائی اڈے پر اترا تو اس کے پاس صرف بالوں کا کنگھا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایف بی آئی کے ترجمان نے کہا کہ اس پرواز کے دوران وہ 12 ہزار میٹر کی اونچائی پر آ کسیجن کی کمی اور جما دینے والی سردی میں بھی زندہ رہا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ سفر کے دوران زیادہ وقت بے ہوش رہا۔
خیال کیا جاتا ہے کہ سنہ 1947 میں جب سے ریکارڈ رکھے جا رہے ہیں تب سے لے کر اب تک جہاز کے پہیوں والی جگہ میں چھپ کر سفر کرنے کی ایک سو کے قریب کوششیں ہوئیں البتہ ان میں سے تقریباً تین چوتھائی افراد اس دوران ہلاک ہو گئے تھے۔







