یوکرین: عمارت میں آگ لگنے سے 31 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAP
یوکرین کے شہر اوڈیسا میں پولیس کا کہنا ہے کہ پرتشدد کارروائیوں کے دوران ایک سرکاری عمارت میں آگ لگ جانے کے باعث کم از کم 31 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب روس کے حامی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہو رہی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ افراد کی موت دھوئیں کے باعث ہوئی جبکہ کچھ افراد نے عمارت سے چھلانگ لگائی جس سے ان کی موت ہوئی۔
اس سے قبل یوکرین کے قائم مقام صدر کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقوں میں جاری ’انسدادِ دہشتگردی‘ کی کارروائیوں کے دوران کئی روس نواز باغیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
تاہم اپنے بیان میں صدر کا کہنا ہے کہ سلوویانسک کے شہر میں جاری کارروائی اس تیز رفتاری کے ساتھ نہیں ہو رہی جس کی توقع تھی۔
الیگزینڈر ٹرچی کا کہنا ہے کہ باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں ’شدید پیچیدگیاں‘ آڑے آ رہی ہیں کیونکہ مشرقی یوکرین میں جاری یہ آپریشن زیادہ آبادی والے علاقوں میں کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل یوکرین کے مشرقی علاقوں میں جاری کارروائیوں میں روس کے حامی باغیوں نے یوکرین کے دو فوجی ہیلی کاپٹر مار گرائے ہیں۔
یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ سلوویانسک میں پیش آنے والے ان واقعات میں ایک پائلٹ اور ایک فوجی ہلاک ہوا ہے جبکہ باغیوں کی نو چوکیوں پر قبضہ کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم شہر میں تین چوکیوں پر موجود علیحدگی پسندوں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ابھی شہر کا کنٹرول ان کے پاس ہی ہے۔
روس نے کہا ہے کہ یوکرینی حکومت کے اقدامات نے بحران کے حل کے لیے جنیوا میں گذشتہ ماہ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کی ’آخری امید بھی ختم کر دی ہے۔‘







