مشرقِ وسطیٰ: مذاکرات کی مہلت ختم، امن معاہدہ نہیں ہوا

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے فریق سے بات چیت نہیں کرے گا جس کا شریک حماس ہو

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے فریق سے بات چیت نہیں کرے گا جس کا شریک حماس ہو

امریکہ کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات کے لیے دی گئی مہلت بغیر کسی امن معاہدے کے ختم ہو گئی ہے۔

امریکہ نے اسرائیل اور فلسطین کو خطے میں امن بحال کرنے کے لیے گذشتہ جولائی میں تین سال کے تعطل کے بعد مذاکرات کے لیے راضی کیا تھا۔

طرفین کے درمیان کئی دور کی بات چیت کے بعد مذاکرات کا تازہ ترین دور گذشتہ ہفتے روک دیا گیا کیونکہ مذاکرات میں شامل فلسطینی دھڑے فتح نے حماس کے ساتھ سیاسی معاہدے کا اعلان کر دیا تھا۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے مذاکرات شروع کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انھوں نے اسی دوران ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اسرائیل کو ’نسلی متعصب ملک‘ کہنے کی تردید کی گئی ہے۔

پیر کو بند کمرے میں ہونے والی ایک اجلاس کے دوران ان کو یہ کہتے ہوئے ریکارڈ کیا گیا کہ اگر دو ریاستی حل پر جلد نہیں پہنچا گیا تو اسرائیل کو نسل پرست ریاست بننے کا خطرہ ہے۔

ان کے اس بیان کو شائع کرنے والے اخبار ڈیلی بیسٹ کے مطابق جان کیری نے کہا تھا: ’دو ریاستی حل پر حقیقی متبادل کے طور پر زور دیا جائے گا۔ کیوں کہ ایک مشترکہ ریاست یا تو دوسرے درجے کے شہریوں پر مشتمل نسلی متعصب ریاست بن کر رہ جائے گی، یا پھر یہ ایسی ریاست ہو گی جو اسرائیل کے بطور یہودی ریاست رہنے کی صلاحیت کو تباہ کر دے گی۔‘

تاہم منگل کو جاری اپنے بیان میں انھوں نے کہا: ’میرے خیال میں ہم نے نہ تو عوام میں اور نہ ہی تخلیے میں کبھی اسرائیل کو نسلی بنیاد پر تفریق کرنے والا ملک کہا ہے یا یہ کہا ہے کہ وہ ایسا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔‘

فتح اور حماس نے گذشتہ ہفتے اتحاد کا اعلان کیا تھا
،تصویر کا کیپشنفتح اور حماس نے گذشتہ ہفتے اتحاد کا اعلان کیا تھا

بی بی سی کے مشرق وسطیٰ کے مدیر جیرمی بوین کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں ناکامی کے سبب دو ریاستی حل کا حصول مشکوک ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات بستیوں اور عمارتوں کی تعمیر اور قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے باربار مشکلات کا شکار رہے۔

اسرائیل نے اس وقت مذاکرات ختم کر دیے تھے جب گذشتہ بدھ کو فلسطین کے دو اہم دھڑوں سیکولر فتح اور اسلام پسند حماس نے آپس میں اتحاد کے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

اس معاہدے میں چند ہفتوں میں اتحادی حکومت بنانے کا کہا گیا ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی ایسے فریق سے بات چیت نہیں کرے گا جس کا شریک حماس ہو۔ حماس اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کرتا رہا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے بی بی سی کو بتایا کہ ’عباس یا تو اسرائیل کے ساتھ امن رکھیں یا پھر حماس کے ساتھ معاہدہ کریں لیکن وہ دونوں کے ساتھ (رشتہ) نہیں رکھ سکتے۔‘

اس وقت امریکہ نے اتحاد کے معاہدے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا لیکن بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا تھا۔

بی بی سی کی اقوام متحدہ کی نمائندہ باربرا پلیٹ اوشر کا کہنا ہے کہ ’امریکہ اب وہاں ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے گا اور مذاکرات کی دوبارہ بحالی کی کوشش کرتا رہے گا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ اب فلسطینی دوطرفہ مذاکرات کے بجائے اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی اداروں کے ذریعے اپنی ریاست کے قیام کی کوشش کریں گے۔