اسرائیل فلسطین پر مزید پابندیاں عائد کرے گا

،تصویر کا ذریعہAP
اسرائیل میں حکام کے مطابق اسرائیل نے فلسطین کی جانب سے بین الاقوامی معاہدوں کی توثیق کرنے کے ردِ عمل میں اس کے خلاف پابندیاں عائد کر دے گا۔
حکام کے مطابق اسرائیل فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے وصول کیے جانے والے ٹیکسوں کی ادائیگی منجمد کر دے گا اور فلسطینی انتظامیہ کی اسرائیلی بینکوں میں موجود رقوم تک رسائی کو محددو کر دے گا۔
اسرائیل نے یہ فیصلہ ایسے وقت کیا ہے جبکہ یروشلم میں امریکی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات جاری ہیں جن میں پیش رفت کے کوئی اشارے نہیں ملے۔
دوسری جانب فلسطین کی مذاکراتی ٹیم کے رابطہ کار نے اسرائیل کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔
فلسطینی رابطہ کار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی اقدام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ادھر امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جمعرات کو امریکہ، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کا نیا دور ہوا ہے۔
ترجمان نے اس بات کی تردید کی کہ یروشلم میں ہونے والی بات چیت میں اسرائیل اور فلسطین نے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں کوئی معاہدہ کر لیا ہے مگر انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تفصیل سے بات چیت ہورہی ہے اور فاصلے کم ہو رہے ہیں۔
اسرائیل اور فلسطین نے حالیہ ہفتوں میں ایک دوسرے پر وعدوں کا پاس نہ رکھنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسرائیل کی جانب سے گذشتہ جمعرات کو فلسطینی قیدیوں کے چوتھےگروپ کو رہا نہ کرنے کے اعلان سے فلسطینی برہم ہیں۔
اسرائیل نے جمعرات کو فلسطینی رہنماؤں کی جانب سے اقوام متحدہ میں اپنی شناخت بڑھانے کی پاداش میں فلسطینی قیدیوں کے چوتھےگروپ کو رہا کرنے کا ارادہ ترک کر دیا تھا۔
اس سے پہلے فلسطینی قیدیوں کے تین گروپوں کی رہائی کو اسرائیلی عوام نے پسند نہیں کیا تھا کیونکہ رہائی پانے والے قیدیوں میں کئی ایسے افراد تھے جنھیں اسرائیلیوں کو قتل کرنے کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔







