کھانوں میں دنبے کے نام پر سستا گوشت

،تصویر کا ذریعہthinkstock
برطانیہ میں کھانوں کے معیار پر نظر رکھنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ دنبے کے گوشت سے بنے کھانوں میں سے ایک تہائی کھانوں میں دنبے کا گوشت استعمال نہیں کیا جاتا۔
فوڈ سٹینڈرڈز ایجنسی (ایف ایس اے) کے مطابق گھر لے جانے والے دنبے کے گوشت کے 145 تیار کھانوں کی جانچ کی گئی اور ان میں 43 کھانے ایسے پائے گئے جن میں دنبے کا گوشت استعمال نہیں کیا گیا تھا۔
ایف ایس اے کے مطابق جن کھانوں میں دنبے کا گوشت نہیں پایا گیا ان میں سے زیادہ کھانے یا تو کباب تھے یا سالن تھا۔
ایف ایس اے کے بقول 43 میں سے 25 کھانوں میں گائے کا گوشت تھا جو دنبے کے گوشت سے سستا ہوتا ہے۔ تنظیم کے مطابق چند کھانوں میں مرغی کا گوشت بھی ملا، البتہ کسی بھی کھانے میں گھوڑے کا گوشت نہیں تھا۔
مقامی انتظامیہ سے اب کہا جا رہا ہے کہ وہ مئی کے آغاز سے 300 دنبے کے گوشت کے کھانوں کا تجزیہ کرے۔
یہ کھانے بیچنے والوں کو بھی متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر ان کے کھانوں میں دنبے کے گوشت کے علاوہ کوئی اور گوشت پایا گیا تو ان کو پانچ ہزار پاؤنڈ جرمانہ کیا جائے گا۔
ایف ایس اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ کھانے بیچنے والوں کو پہلے بھی تنبیہہ کی جا چکی ہے لیکن یہ مسئلہ بددستور آ رہا ہے: ’ہمیں اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے زیادہ تگ و دو کرنا پڑے گی۔‘
صارفین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم ’وچ؟‘ کا کہنا ہے کہ برمنگھم میں 30 کھانوں کو ٹیسٹ کیا جن میں سے 16 میں دنبے کا گوشت نہیں تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تنظیم کے مطابق اسی طرح لندن میں 30 نمونوں میں سے آٹھ میں دنبے کا گوشت نہیں پایا گیا۔







