لاپتہ طیارے کے سگنل دوبارہ موصول

،تصویر کا ذریعہReuters
ملائیشیا کے لاپتہ مسافر طیارے ایم ایچ 370 کا کھوج لگانے والی ایک ٹیم کو ایک بار پھر سے کچھ سگنل مل گئے ہیں۔
لاپتہ طیارے کی تلاش کرنے والی مہم کے رہنما ریٹائرڈ ایئر چیف مارشل اینگس ہوسٹن نے بتایا کہ ان کی ٹیم کو منگل کی دوپہر اور شام کو ایک بار پھر ’بلیک باکس‘ سے آنے والے سگنل ملے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس سے قبل پکڑے جانے والے سگنل ’مخصوص الیکٹرانک آلات‘ سے نشر ہو رہے تھے۔
ایئر چیف مارشل ہوسٹن نے کہا: ’مجھے یقین ہے کہ ہم صحیح علاقے میں لاپتہ طیارے کی تلاش کر رہے ہیں، تاہم یہ تصدیق کرنے سے پہلے کہ ایم ایچ 370 اسی جگہ گرا ہے، ہمیں پہلے اپنی آنکھوں سے اس کا ملبہ دیکھنے کی ضرورت ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ منگل کو دو بار سگنل پکڑے گئے۔ پہلا سگنل پانچ منٹ اور 32 سیکنڈ اور دوسرا سات منٹ تک ملتا رہا۔
منگل کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل اینگس ہوسٹن نے کہا تھا کہ اب تک ملنے والے سگنل قابلِ یقین تھے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تلاش کا عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکام کو اس بات کا یقین نہیں ہو جاتا کہ اب مزید سگنل ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
آٹھ مارچ 2014 کو غائب ہونے والے اس طیارے پر 239 افراد سوار تھے جن میں سے بیشتر چینی باشندے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس معاملے کی تحقیقات کرنے والوں کا خیال ہے کہ یہ طیارہ اپنے مقررہ راستے سے ہٹنے کے بعد بحر ہند کے جنوبی حصے میں کہیں گر کر تباہ ہو گيا ہے لیکن تاحال اس کا ملبہ نہیں مل سکا ہے۔
طیارے کی تلاش کے لیے بین الاقوامی آپریشن جاری ہے جن میں کئی ممالک کے طیارے اور بحری جہاز آسٹریلوی قیادت میں بحرِ ہند کے اس علاقے میں ملبے کی تلاش میں مصروف ہیں جس کی نشاندہی جہاز سے موصول ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر کی گئی ہے۔







