سعودی عرب: آٹھ گھنٹے تک ٹریفک جام

روزانہ ہزاروں افراد ملازمت اور خریداری کے لیے بحرین جاتے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنروزانہ ہزاروں افراد ملازمت اور خریداری کے لیے بحرین جاتے ہیں

سعودی عرب کو بحرین سے ملانے والے پل پر ہزاروں افراد آٹھ گھنٹے تک ٹریفک جام میں پھنس جاتے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق بحرین کو سعودی عرب سے ملانے والے 26 کلومیٹر طویل پل پر ٹریفک جام کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گاڑیوں کی طویل قطاریں رات تک لگی رہتی ہیں اور حکام نے تسلیم کیا ہے کہ یہ معاملہ جلد حل ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے۔

حکام نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ دونوں ممالک کی سرحد پر کسٹم اہلکاروں کی تعداد ناکافی ہے جبکہ ہزاروں افراد روزانہ یہاں سے گزرتے ہیں۔

ٹریفک جام کے معاملے پر محکمۂ پاسپورٹ اور محکمۂ ٹریفک ایک دوسرے پر الزام دھر رہے ہیں۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ وہ ٹریفک کو رواں رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں اور روزانہ غلط پارکنگ سمیت دوسری خلاف ورزیوں پر 90 کے لگ بھگ جرمانے کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق وہ اس کے علاوہ غیرقانونی ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہیں۔

شاہ فہد نامی یہ پل 1986 میں تعمیر کیا گیا تھا اور سعودی شہریوں کی اکثریت اسے استعمال کرتی ہے۔

کاروباری سرگرمیوں سے متعلق ایک عرب ویب سائٹ کے مطابق گذشتہ سال جولائی میں ایک لاکھ افراد کی ریکارڈ تعداد نے اس پل کے ذریعے بحرین کا سفر کیا تھا۔