شام: باغیوں نے اپنا نیا کمانڈر مقرر کر لیا

،تصویر کا ذریعہAP
مغربی دنیا اور خلیجی ممالک کی حمایت یافتہ فری سیریئن آرمی نے اپنے رہنما کو برخاست کر کے ایک فیلڈ کمانڈر کو اپنا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔
فری سیریئن آرمی کے ترجمان کے مطابق کمانڈر کرنل عبدالالہ البشير النعيمی کی جگہ بریگیڈیئر جنرل سليم ادريس کو نیا ملٹری کمانڈر مقرر کر لیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کمانڈ کی تبدیلی کا فیصلہ فری سیریئن آرمی کے’ بے اثر‘ ہونے کی وجہ سے کیاگیا ہے۔گذشتہ ایک برس سے فری سیریئن آرمی کا شام میں اثر کم ہو رہا ہے اور اس کی جگہ القاعدہ سے روابط والی تنظمیوں کے اثر و رسوخ میں اضافہ دیکھنےمیں آیا ہے۔
سیریئن آرمی کی کمانڈ میں تبدیلی کا فیصلہ جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرات کے دوسرے دور کی مکمل ناکامی کے بعد سامنے آیا ہے۔
مذاکرات کے اس دور میں دونوں فریق کسی بھی نکتے پر متفق ہونے میں ناکام رہے تھے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے پیر کے روز صدر بشار الاسد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذاکرات کی ناکامی کے واحد ذمے دار ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے روس سے کہا کہ وہ شامی فوجیوں کو اسلحہ فراہم کرنے سے پرہیز کرے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ شامی حکومتی نے اپناموقف سخت کر لیا ہے اور وہ ماسوائے اپنے لوگوں پر بیرل بم گرانے اور اپنے ملک کو تباہ کرنے کےعلاوہ کچھ نہیں کر رہی ہے۔ جان کیری نے کہا: ’مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ شامی حکومت یہ سب کچھ ایران، حزب اللہ اور روس کی مدد سے کر رہی ہے۔‘



