سعودی عرب میں دو پاکستانیوں کے سر قلم

،تصویر کا ذریعہGetty
سعودی عرب میں منگل کو منشیات کی سمگلنگ کے جرم میں دو پاکستانیوں کے سر قلم کر دیے گئے ہیں۔
سعودی وزیرِ داخلہ کے مطابق ان پاکستانیوں کے نام ابرار حسین اور نذر حسین بتائے گئے ہیں، اور انھیں جدہ میں سزا دی گئی۔ ان دونوں پاکستانیوں پر اپنے معدے میں منشیات نگل کر سعودی عرب سمگل کرنے کا جرم ثابت ہو گیا تھا۔
ایک اور شخص زاہد خان برکات کو قطیف کے شہر میں اسی جرم میں موت کی سزا دی گئی۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں گذشتہ سال 78 افراد کے سر قلم کیے گئے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2012 میں بھی سعودی عرب کی اسلامی مملکت میں 78 افراد کے سر قلم کر کے موت کی سزا دی گئی تھی۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم نے 2000 میں سر قلم کیے جانے والے افراد کی تعداد 79 بتائی تھی۔
سعودی عرب کے شرعی نظام میں ریپ، قتل، مسلح ڈکیتی، مرتد ہونے اور منشیات کی سمگلنگ پر موت کی سزا دی جاتی ہے۔



