شہزادی کیٹ کا فون بھی محفوظ نہیں

سینڈہرسٹ کی فوجی اکیڈیمی میں زیر تربیت شہزادہ ولیم نے اپنی گرل فرینڈ کیٹ میڈلٹن کو ٹیکسٹ میسجر بھیجا تھا
،تصویر کا کیپشنسینڈہرسٹ کی فوجی اکیڈیمی میں زیر تربیت شہزادہ ولیم نے اپنی گرل فرینڈ کیٹ میڈلٹن کو ٹیکسٹ میسجر بھیجا تھا

برطانیہ میں نیوز آف دی ورلڈ نامی اخبار کی طرف سے لوگوں کے ذاتی پیغامات کو ہیک کرنے سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ اس اخبار نے شہزادہ ولیم کی جانب سے اپنی گرل فرینڈ کیٹ میڈلٹن کو بھیجے والے ٹیکسٹ مسجز کو ہیک کیا تھا۔

نیوز آف دی ورلڈ اخبار ہیکنگ سکینڈل کے سامنے آنے کے بعد اب بند ہو چکا ہے۔ یہ وہی اخبار ہے جس نے پاکستان کرکٹ کے تین کھلاڑیوں کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی اطلاعات کوثابت کرنے کو خفیہ کارروائی کے بعد یہ خبر شائع کی تھی۔

نیوز آف دی ورلڈ کے دو سابق ایڈیٹر اینڈی کولسن اور ربیکا بروکس کے علاوہ ہیکنگ کے سلسلے میں پانچ افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

<link type="page"><caption> ہیکنگ سکینڈل: ربیکا بروکس پر فرد جرم عائد</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2012/05/120515_rebekah_brooks_rwa.shtml" platform="highweb"/></link>

شہزادہ ولیم نے سنہ 2006 میں جب یہ ٹیکسٹ میسجز اپنی گرل فرینڈ کیٹ میڈلٹن کو بھیجے تھے اس وقت وہ فوجی اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں فوجی تربیت حاصل کر رہے تھے۔ شہزادہ ولیم کی بعد میں اسی گرل فرینڈ سے شادی ہوگئی جنھیں اب ڈسچز آف کیمبرج ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

ایک ٹیکسٹ پیغام میں شہزادہ ولیم نے اپنی گرل فرینڈ کو ان کے عرف ’بے بی کن‘ کہہ کر مخاطب کیا جبکہ دوسرے پیغام میں وہ اپنی گرل فرینڈ کو بتاتے ہیں کہ وہ فوجی تربیت کے دوران کیسے بلینک راونڈ سے ہٹ ہوتے ہوتے بچے۔

عدالت کو ایک اور ہیک کیے گئے پیغام کے بارے میں بتایاگیا کہ کسی مرد نے اپنی آواز بدل کر شہزادہ ہیری کو اس کے گرل فرینڈ چیلسی ڈیوی بن کر پیغام بھیجا تھا۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عدالت کو بتایا گیا کہ مستقبل کی ملکہ برطانیہ کے ٹیکسٹ میسجز کو ہیک کیا گیا۔

نیوز آف دی ورلڈ کے سابق ایڈیٹروں ربیکا بروکس اور اینڈی کولسن کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے
،تصویر کا کیپشننیوز آف دی ورلڈ کے سابق ایڈیٹروں ربیکا بروکس اور اینڈی کولسن کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے

نیوز آف دی ورلڈ کے سابق ایڈیٹروں ربیکا بروکس اور اینڈی کولسن کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔ اس کے علاوہ نیوز آف دی ورلڈ کے لیے کام کرنے والے رائل رپورٹر کلائیو گڈمین کے علاوہ چار اور افراد کے خلاف غیر قانونی طور پر لوگوں کے ٹیکسٹ پیغامات تک رسائی حاصل کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

عدالت کو بتایاگیا کہ تفتیس کاروں نے شہزادہ ولیم کی طرف سے بھیجے ٹیکسٹ میسجز رائل رپورٹر گڈمین کے گھر سے برآمد کیے ہیں۔ ایک پیغام میں شہزادہ ولیم یہ کہتے سنے گئے ہیں: ہائی بی بی، معذرت میں ابھی نائٹ نیویگیشن کی مشق سے واپس آیا ہوں۔

وہ مزید کہتے ہیں’میں جنگل میں سائیوں کا پیچھا کرتے کرتے بری طرح راستہ بھول گیا اور دوسری رجمنٹ کی صفوں میں جا پہنچا اور فائرنگ کی زد میں آتے آتے بچا۔‘

شہزادہ اپنی گرل فرینڈ کو وضاحت کرتے ہیں:’یہ لائیو نہیں بلکہ بلینک راونڈ تھا لیکن پھر بھی بڑی شرمندگی کا باعث ہونا تھا۔‘

نیوز آف دی ورلڈ نے جب اس فوجی مشق کی خبر دی تو اس میں لکھا گیا کہ شہزادہ ولیم بلینک راونڈ ہٹ ہوئے ہیں۔ حالانکہ یہ خبر غلط تھی۔