اوباما طاقتور ترین شخص لیکن آئی فون استعمال نہیں کرسکتے

امریکی صدر براک اوباما دنیا کے طاقتور ترین شخص ہیں لیکن وہ آئی فون استعمال نہیں کرسکتے۔
امریکی صدر براک اوباما کے سکیورٹی مشیروں نے ان کو آئی فون استعمال کرنے سے اس لیے منع کیا گیا ہے کہ یہ فون محفوظ نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے براک اوباما نے کہا: ’سکیورٹی وجوہات کے بنا مجھے آئی فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔‘
تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی دونوں بیٹیاں ساشا اور مالیا کے پاس آئی فون ہیں اور وہ گھنٹوں اس کو استعمال کرتی ہیں۔
براک اوباما امریکی تاریخ میں پہلے صدر ہیں جو ای میل استعمال کرتے ہیں۔ ای میل استعمال کرنے کا حق حاصل کرنے کے لیے بھی ان کو 2009 میں نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے ساتھ لڑنا پڑا۔ اس لڑائی میں ان کی آخر کار جیت ہوئی اور ان کو بلیک بیری رکھنے کی اجازت مل گئی۔
لیکن یہ بلیک بیری بھی ان کو پابندیوں کے ساتھ ملا۔ پابندی یہ ہے کہ امریکی صدر ای میل کا تبادلہ صرف دس افراد تک محدود رکھیں گے۔
امریکی حکومت اور فوج کی جانب سے ابھی تک وائٹ ہاوس کے اہلکاروں کو امریکی کمپنی ایپل کے آئی فون کے استعمال کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ یعنی امریکی صدر اور ان کا سٹاف ایپل کا سمارٹ فون استعمال نہیں کرسکتے۔
اگرچہ صدر اوباما کو آئی فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے لیکن ان کے پاس آئی پیڈ ٹو ہے۔ یہ آئی پیڈ ٹو ان کو سٹیو جابز نے 2011 میں ذاتی طور پر دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







