بنکاک:پولیس حکومت مخالف مظاہرین کو منتشر کرنے میں کامیاب

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں پولیس نے اہم مقامات پر وزیراعظم ینگ لگ شیناوترا کی حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد کو منشتر کر دیا ہے۔
یہ مظاہرین اتوار کو ملک کے مختلف ٹی وی سٹیشنوں کی عمارتوں میں داخل ہو گئے تھے تاکہ ان کے رہنما کی جانب سے ہڑتال کی اپیل کی نشریات یقینی بنائی جا سکیں۔
حزبِ اختلاف کے رہنما اور ملک کے سابق نائب وزیراعظم سوتھپ تھاگسوبن نے ٹی وی پر نشر ہونے والے اپنے پیغام میں پیر کو حکومت کے خلاف عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
اتھائی لینڈ میں گذشتہ ایک ہفتے سے حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں اور اتوار کو مظاہرین نے وزیراعظم کے ہیڈکوارٹر کے ساتھ دیگر سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے کی دھمکی دی تھی تاہم پولیس نے پانی کی تیز دھار پھینکنے والی مشین اور آنسو گیس استعمال کر کے مظاہرین کو گورنمنٹ ہاؤس اور پولیس کے ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے سے باز رکھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فوج کو بھی مظاہرین سے نمٹنے اور فسادات کی روک تھام کرنے والی پولیس کی امداد کے لیے بلایا گيا ہے۔
مظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات میں اب تک چار افراد مارے گئے ہیں۔

تھائی وزیرِاعظم نے اپنے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد جمعرات کو مظاہرے ختم کرنے کی استدعا بھی کی تھی۔ تاہم حزبِ مخالف نے ان کی اپیل مسترد کردی تھی اور اپوزیشن رہنماؤں نے کہا تھا کہ ’ہم حکومت کو مزید کام نہیں کرنے دیں گے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’سول موومنٹ فار ڈیموکریسی‘ کے بینر کے تحت حکومت مخالف مظاہرین نے حکومت کے خلاف مکمل جنگ کا اعلان کر رکھا ہے۔ وہ موجودہ حکومت کو ’پیپلز کونسل‘ سے بدلنا چاہتے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم ینگ لک شیناوترا کو بے دخل کیے جانے والے سابق رہنما اور ان کے بھائی تاکسین شیناوترا ہی کنٹرول کرتے ہیں۔
تھاکسین شیناوترا کو سنہ 2006 میں ایک فوجی بغاوت میں برطرف کیا گیا تھا۔ سنہ 2010 میں تھاکسین کے حامیوں نے بنکاک کے اہم مقامات پر قبضہ کرکے دو مہینوں تک دھرنا دیا جس کے نتیجے میں ہونے والے تشدد میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بنکاک میں بی بی سی کے نمائندے جوناہ فیشر کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف مظاہرین کئی ٹی وی سٹیشنوں میں داخل ہو گئے ہیں اور اب وہ پروگرام کو کنٹرول کرنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ان کے مطابق حالات بظاہر تختہ پلٹنے جیسے ہیں۔

بنکاک پوسٹ کے مطابق حکومت مخالف ایک گروپ نے تھائی لیند کے پی بی ایس ٹی وی سٹیشن پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے پی بی سی حکام سے مظاہرین کے رہنماؤں کی تقاریر نشر کرنے کے لیے کہا ہے۔
اس سے قبل ینگ لک نے کہا تھا کہ وہ مظاہرین کے خلاف کم سے کم قوت کا استعمال کریں گی۔
اتوار کی صبح حکومت حامی گروپ ’ریڈ شرٹ‘ نے کہا کہ وہ بینکاک سٹیڈیم میں اپنی ریلی منسوخ کر رہے ہیں تاکہ سکیورٹی فورسز مخالف مظاہرین کی نگرانی کرسکیں۔







