تھائی وزیرِاعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد ناکام

تھائی لینڈ کی وزیرِاعظم کے خلاف پارلیمان میں عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہوگئی ہے جب کہ ملک میں حکومت مخالف مظاہرے پانچویں دن بھی جاری ہیں۔
پارلیمان میں عدم اعتماد کی قرارداد حزبِ اختلاف کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے پیش کی تھی لیکن وزیرِاعظم ینگ لک شیناوترا کی فیو تھائی پارٹی کی پارلیمان میں اکثریت کی وجہ سے یہ قرارداد ناکام ہو گئی۔
اس قرارداد کے حق میں 134 ووٹ آئے جبکہ 297 ارکان نے وزیرِاعظم شیناوترا پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ان کی حکومت کو سنہ 2010 کے پرتشدد مظاہروں کے بعد ملک میں ہونے والے بڑے مظاہروں کا سامنا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی تھائی لینڈ کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حالات کو بےقابو ہونے سے بچانے پر زور دیا ہے۔
مظاہرے ملک کے دارالحکومت بنکاک میں اتوار کو شروع ہوئے تھے اور مظاہرین حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ احتجاج کرنے والوں نے مخلتف وزارتوں اور دیگر سرکاری دفاتر کی طرف مارچ کیا اور انھیں بند کرنے کی کوشش کی۔
حزبِ اختلاف سے تعلق رکھنے والے سابق رکنِ پارلیمان ان مظاہرین کی قیادت کر رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم ینگ لک شیناوترا کو بے دخل کیے گئے سابق رہنما اور ان کے بھائی تاکسین شیناوترا کنٹرول کرتے ہیں۔

ینگ لک شیناوترانے خصوصی اختیارات کے تحت کرفیو اور سڑکوں کو بند کرنے کی اجازت دی ہے جب کہ پولیس نے مظاہرین کے سربراہ کو گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے لیکن انھیں ابھی تک حراست میں نہیں لیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بینکاک میں بی بی سی کے نامہ نگار جوناتھن ہیڈ کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ مظاہرین آگے کیا کریں گے، لیکن وہ ابھی تک چند دن کے لیے سرکاری اداروں کے کام کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ حکام نے کسی قسم کے تشدد سے بچنے کی خاطر مظاہرین کو روکنے کی کوشش نہیں کی ہے۔
جمعرات کو اس سے پہلے ملک کے وزیرِ تعلیم نے ہمارے نامہ نگار کو بتایا تھا کہ فیو تھائی پارٹی کو توازن قائم کر کے یہ ظاہر کرنا ہوگا کہ اسے تھاکسین شیناوترا کنٹرول نہیں کرتے۔
انھوں نے کہا تھا کہ ’انھیں یہ بات واضح کرنی ہوگی کہ جو بندہ بھی وزیرِاعظم ہوگا وہ آزاد ہوگا اور اپنے فیصلے خود کر سکے گا۔‘
انھوں نے کہا کہ لازمی نہیں کہ ملک میں بغاوت ہو لیکن کہا کہ ان کا تجربہ بتاتا ہے کہ بغاوت کسی بھی ہو سکتی ہے۔
تھاکسین شیناوترا کو سنہ 2006 میں ایک فوجی بغاوت میں برطرف کیا گیا تھا۔
سنہ 2010 میں تھاکسین کے حامیوں نے بینکاک کے اہم مقامات پر قبضہ کرکے دو مہینوں تک دھرنا دیا جس کے نتیجے میں ہونے تشدد میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اس کے بعد ینگ لک شیناوترا کی فیو تھائی پارٹی انتخابات جیت کر حکومت میں آئی جس کے بعد سے ملک میں زیادہ تر حالات پرامن رہے۔







