مصر میں نافذ ایمرجنسی اور کرفیو ہٹا لیا گیا

مصر میں حکومت نے ایمرجنسی اور کرفیو ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔عدالت کے حکم کے بعد توقع سے دو دن پہلے ہی یہ اعلان کر دیا گیا۔
مصر میں ایمرجنسی اور رات کا کرفیو 14 اگست سے نافذ تھا جب سکیورٹی دستوں نے معزول صدر مرسی کے حامیوں کے دھرنے کو زبردستی ختم کیا تھا۔
ایمرجنسی اور کرفیو دو ماہ پہلے ختم کیا جانا تھا لیکن 12 ستمبر کوحکومت نے اس میں مزید دو ماہ کی توسیع کر دی تھی۔
مصر کے وزیراعظم کے مشیر نے بی بی سی سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ منگل کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے سے ایمرجنسی اور کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔
یہ اعلان ایک مقامی عدالت کے اس فیصلے کے بعد کیا گیا کہ یہ توسیع دو ماہ سے زیادہ مدت کے لیے نہیں کی جا سکتی۔
فوجی حمایت والی مصری حکومت کا کہنا ہے کہ وہ عدا لت کے فیصلے کو تسلیم کرتی ہے۔
ایمرجنسی اور کرفیو کےدوران حکام کو بغیر وارنٹ کے لوگوں کو گرفتار کرنے اور لوگوں کے گھروں کی تلاشی لینے کا اختیار حاصل تھا۔
متعدد لوگوں نے کرفیو کے سبب کاروبار میں نقصان کی بھی شکایت کی تھی وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب حکومت ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مصر میں رواں سال جولائی میں صدر مرسی کی معزولی کے بعد ملک بھر میں ان کے حق اور مخالفت میں پرتشدد مظاہروں کا آغاز ہو گیا تھا۔ ان مظاہروں کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور صورتحال تاحال کشیدہ ہے۔







